پیٹ بشیر آباد میں منشیات کا بڑا ریاکٹ بے نقاب
تین افراد گرفتار ، ایس او ٹی کی کارروائی ، منشیات ضبط
حیدرآباد 29 اکٹوبر (سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقے میں منشیات کے بڑے ریاکٹ کا ایس او ٹی نے پردہ فاش کر دیا۔ اسپیشل آپریشن ٹیم کوکٹ پلی زون کی جانب سے پیٹ بشیرآباد علاقے میں کی گئی کارروائی میں تین افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں منشیات تیار کرنے والا ایک شخص بھی شامل ہے۔ ایس او ٹی ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاع پر یہ کارروائی کی گئی اور ایک ٹھکانے سے ایک اعشاریہ دو کلو منشیات ضبط کی گئی، جس کی مالیت تقریباً دو کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ ایس او ٹی کی اس کارروائی میں میفیڈرون نامی ڈرگ ضبط کی گئی، جس کی مدد سے منشیات تیار کی جا رہی تھی۔ گرفتار افراد میں منشیات تیار کرنے والے شخص کے علاوہ دو افراد شامل ہیں جو منشیات کا استعمال کر رہے تھے۔ اسپیشل آپریشن ٹیم نے ضبط شدہ منشیات کے ساتھ گرفتار افراد کو مزید کارروائی کے لیے پیٹ بشیرآباد پولیس کے حوالے کر دیا۔ع
میڈیکل نشست کے حصول میں ناکامی سے دل برداشتہ طالب علم کی خود کشی
حیدرآباد 29 اکٹوبر (سیاست نیوز) میڈیکل نشست کے حصول میں ناکامی سے دل برداشتہ ایک طالب علم نے خودکشی کر لی۔ پرانے شہر کے علاقے مادنا پیٹ میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں 20 سالہ ریان نے خودکشی کر لی۔ پولیس رائے کے مطابق، ریان نے نیٹ کے لیے لانگ ٹرم کوچنگ حاصل کی تھی اور بڑی محنت کے ساتھ تیاری کر رہا تھا، تاہم نیٹ میں نشست کے حصول میں دشواری سے طالب علم ذہنی تناؤ کا شکار ہو گیا اور اس نے اپنے مکان کے باتھ روم میں خودکشی کر لی۔ ریان مادنا پیٹ حدود کے ساکن عبدالغفور کا لڑکا تھا۔ اس طالب علم کے اس انتہائی اقدام سے افرادِ خاندان پر سکتہ طاری ہو گیا۔ پولیس مصروفِ تحقیقات ہے۔ع
نمس میں دھاندلیوں کے خلاف اے سی بی کی کارروائیوں میں شدت
مختلف شعبہ جات کا جائزہ ، ریکارڈس کی جانچ میں میڈیکل حلقوں میں سنسنی
حیدرآباد 29 اکٹوبر (سیاست نیوز) نمس ہاسپٹل میں دھاندلیوں کے خلاف اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے کارروائی میں شدت پیدا کر دی گئی ہے۔ اے سی بی کی جانب سے نمس پر خصوصی نظر رکھی گئی۔ تقریباً دس سے زائد اعلیٰ عہدیداروں پر مشتمل خصوصی ٹیموں نے نمس کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا، اور تقریباً چالیس سے زائد محکموں میں کارکردگی اور ریکارڈز کی جانچ کی گئی۔ نمس حیدرآباد میں اینٹی کرپشن بیورو کی بڑے پیمانے پر کارروائی سے ریاست کے میڈیکل حلقوں میں سنسنی پھیل گئی۔ اے سی بی کی جانب سے کینٹین اور سرجیکل اسٹور میں بھی ریکارڈ کی جانچ کی گئی۔ اے سی بی کی کارروائی سے نمس میں بڑے پیمانے پر ہوئی دھاندلیوں کے الزامات کا خلاصہ ہوگا۔ سال 2014 کے بعد سے نمس میں انجام دی گئی سرگرمیوں اور اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ چونکہ سال 2014 کے بعد سب سے بڑے پیمانے پر دھاندلیوں کے الزامات ہیں، اس لیے اے سی بی کی جانب سے کارروائی کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ مختلف شعبوں میں ریکارڈ، خرید و فروخت اور دیگر لین دین کی مکمل رپورٹ تیار کی جا رہی ہے۔ امکان ہے کہ اینٹی کرپشن بیورو کی اس کارروائی کے بعد بڑے پیمانے پر مزید گرفتاریاں عمل میں آ سکتی ہیں۔ع
عادی مجرم نادر رضوان علی مرزا کے خلاف تیسری مرتبہ پی ڈی ایکٹ کا نفاذ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد سٹی پولیس نے شہر کے عادی مجرم نادر رضوان علی مرزا عرف رضوان کے خلاف تیسری مرتبہ پی ڈی ایکٹ نافذ کیا ہے۔ پولیس کمشنر وی سی سجنار کی جانب سے جاری کیے گئے احکامات کے مطابق بدنامِ زمانہ مجرم یاقوت پورہ کا ساکن ہے ، اور اس کے خلاف سابق میں ڈکیتی، جائیداد سے متعلق جرائم، آرمز ایکٹ اور دیگر مقدمات درج کیے گئے تھے۔ حالیہ دنوں اس کے خلاف میر چوک اور مہدی پٹنم پولیس اسٹیشنوں میں بھی مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے تھے۔ پی ڈی ایکٹ کے احکامات پر عمل آوری کے فوری بعد ملزم کو گرفتار کر کے پولیس نے جیل بھیج دیا۔ع
بیٹی کا قتل کرنے والی ماں گرفتار
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : فیوچر سٹی پولیس کمشنریٹ کے کاٹیدان پولیس اسٹیشن نے ایک اہم کارروائی میں بیٹی کا قتل کرنے والی ماں کو گرفتار کر لیا۔ 27 اکٹوبر کو ایک 14 سالہ لڑکی کی مشتبہ موت کا واقعہ پیش آیا تھا، جسے اس کی حقیقی ماں نے قتل کر دیا اور اس قتل کو خودکشی قرار دینے کی کوشش کی۔ پولیس نے ابتدائی کارروائی کے بعد نعش کا پوسٹ مارٹم کروایا، اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد تحقیقات کا رخ موڑتے ہوئے 34 سالہ وجے لکشمی نامی خاتون کو، جو اس 14سالہ لڑکی کی والدہ ہے ، شک کے دائرے میں لے لیا۔ پوچھ تاچھ کے دوران خاتون نے اپنا جرم قبول کر لیا۔ع
میر عالم منڈی پولیس اسٹیشن حدود میں معمولی بات پر جھگڑا ، چاقو سے حملہ
حیدرآباد 29 اکٹوبر (سیاست نیوز) شہر میں امن و امان کے لیے جاری پولیس کے اقدامات اور کارروائیاں ناکافی ثابت ہو رہے ہیں۔ ایک طرف پولیس کے اعلیٰ عہدیدار پوری دلچسپی کے ساتھ اقدامات میں جٹے ہوئے ہیں، تو وہیں ماتحت عملے کی کارکردگی اور اقدامات پولیس کے مشن پر کاری ضرب ثابت ہو رہے ہیں۔ کل رات میر عالم منڈی پولیس اسٹیشن حدود میں اسی طرح کا ایک واقعہ پیش آیا، جہاں چائے کی دکان پر معمولی بات پر بحث و تکرار سے علاقے میں ہیجان پیدا ہو گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک شخص کی جانب سے مبینہ طور پر دوسرے شخص پر چاقو سے حملہ کیا گیا، تاہم پولیس نے اس بات کی تصدیق نہیں کی۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں کچھ دیر کے لیے ہیجان پیدا ہو گیا اور ڈیوٹی پر تعینات پولیس کے اعلیٰ عہدیدار میر عالم منڈی پولیس اسٹیشن پہنچ گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ رات دیر گئے اے سی پی چندرائن گٹہ نے بھی زخمیوں سمیت شکایت گزار افراد سے بات چیت کی اور میر عالم منڈی پولیس اسٹیشن کا دورہ کیا۔ اس دوران پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، جبکہ زخمی کا علاج کروایا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس علاقے میں ایک پیٹرول پمپ کے قریب منڈی، ہوٹل اور چائے کی دکانیں رات دیر گئے تک کھلی رہتی ہیں، جس کے سبب یہاں آئے دن کسی نہ کسی بات پر لڑائی جھگڑے کے واقعات پیش آتے ہیں۔ ع
پولیس کو چاہیے کہ وہ رات دیر گئے تک کھلی رکھی جانے والی ہوٹلوں پر کارروائی کرے اور بازار جلد بند کروانے کے ساتھ ساتھ گشت میں اضافہ کرے، تاکہ ایسے واقعات کا تدارک کیا جا سکے۔ع