جل پلی تالاب میں دو افراد غرق

   

حیدرآباد ۔ 6 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : شہر کے نواحی علاقہ میں واقع جل پلی تالاب میں دو افراد غرقاب ہوگئے جو کل شام اپنے دیگر چند ساتھیوں کے ہمراہ جل پلی تالاب پہونچے تھے ۔ اطلاع کے بعد پہاڑی شریف پولیس نے غوطہ خوروں اور ڈی آر ایف ٹیموں کی مدد سے نعشوں کی تلاشی شروع کردی اور آج شام حیدر نامی نوجوان کی نعش کو برآمد کرلیا گیا ۔ یہ بات انسپکٹر پہاڑی شریف ستیش نے بتائی ۔ پولیس کی جانب سے آج شام دیر گئے تک بھی ایک اور نوجوان امجد کی نعش کی تلاش جاری رہی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 30 سالہ شیخ حیدر اور 37 سالہ شیخ امجد اپنے دیگر چند ساتھیوں کے ہمراہ جل پلی تالاب پہونچے کل شام ان لوگوں نے مئے نوشی کی جس کے بعد حیدر اور امجد نے تالاب میں چھلانگ لگائی ۔ غرقاب نوجوانوں میں ایک تیراکی سے واقف نہیں تھا ۔ اور یہ بات شبہات کا سبب بنی ہوئی ہے ۔ موفی نوجوانوں کے افراد خاندان کے مطابق حیدر اور امجد دونوں اچھے دوست تھے اور کافی عرصہ سے ان کی دوستی تھی ۔ تاہم دیگر افراد جو ان دونوں کے ہمراہ مئے نوشی کی تھی ان کے تعلق سے افراد خاندان کو کوئی علم نہیں ۔ پہاڑی شریف پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔ ع