جموں وکشمیر:فاروق عبداللہ نے مرکزی حکومت کے دعوت نامے پر پارٹی لیڈروں سے گفتگو کی

   

نیشنل کانفرنس نے نئی دہلی میں 24 جون کو وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں منعقد ہونے والی کل جماعتی میٹنگ کے حوالے سے مشاورت کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ۔ نیشنل کانفرنس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اتوار کو پارٹی کے سرکردہ لیڈران کا ایک اہم اجلاس پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی صدارت میں اُن کی رہائش گاہ واقع گپکار روڑ پر منعقد ہوا ۔ اجلاس میں جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی اور سینئر لیڈران موجود تھے۔ترجمان کے مطابق اجلاس میں تازہ سیاسی سرگرمیوں کے علاوہ وزیر اعظم ہند کی طرف سے 24 جون کو بلائی گئی کل جماعتی میٹنگ میں نیشنل کانفرنس کے صدر اور نائب صدر کو مدعو کئے جانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی لیڈران سے آل پارٹی میٹنگ میں دعوت نامے سے متعلق لائحہ عمل طے کرنے سے متعلق مشورے طلب کئے۔ مشاورت کا یہ سلسلہ کل دوسرے دن بھی جاری رہے گا۔ ترجمان کے مطابق اجلاس کے دوسرے روز خطہ جموں کے علاوہ لداخ کے لیڈران کے ساتھ بھی مشاورت کی جائے گی۔