جموں وکشمیر میں اسمبلی چناؤ کیلئے الیکشن کمیشن سنجیدہ :راجیو کمار

   

سرینگر: چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کا کہنا ہیکہ کمیشن جموں وکشمیر میں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے انعقاد کیلئے فکر مند ہیں۔ تاہم دونوں انتخابات کو ایک ساتھ منعقد کرنے کے بارے میں سیکورٹی ایجنسیوں اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ تفصیلی مشاورت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے فوری انعقاد کیلئے کوشاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں پر امن طریقے سے انتخابات کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے انعقاد کیلئے کافی سنجیدہ ہے لیکن اس بارے میں حتمی فیصلہ بہت جلد لیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کی سیاسی جماعتوں اور سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مکمل مشاورت کے بعد ہی جموں وکشمیر میں اسمبلی چناو کے حوالے سے کوئی فیصلہ لیا جاسکتا ہے ۔چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات جلد ہی منعقد کرانے کی خاطر کمیشن پابند عہدہے۔ انہوں نے کہاکہ جہاں تک لوک سبھا اور اسمبلی چناو ایک ساتھ کرانے کا تعلق ہے تو ہم مکمل سیکورتی جائزہ لینے اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے بعد ہی فیصلہ لیں گے۔
رامیشورم کیفے دھماکہ کیس کا ملزم زیرحراست
بنگلورو: این آئی اے نے کرناٹک کی راجدھانی بنگلورو میں رامیشورم کیفے دھماکہ کیس کی تفتیش میں مشتبہ ملزم کو حراست میں لے لیا ہے ۔یہ پیشرفت این آئی اے کی جانب سے مشتبہ شخص کی تصویر شیئر کرنے اور اس کی اطلاع دینے پر 10 لاکھ روپے کے انعام کے اعلان کے چند دن بعد سامنے آئی ہے۔ تاہم خود این آئی اے نے کسی ملزم کو حراست میں لینے کی تردید کردی ہے۔ یہ واضح نہیں کہ ذرائع نے جس ملزم کی گرفتاری کی اطلاع دی ہے، وہ کون ہے اور این آئی اے نے بیان جاری کرتے ہوئے کسی بھی گرفتاری کی تردید کیوں کی ہے۔