سری نگر: ملک کے مختلف حصوں کی طرح جموں وکشمیر میں بھی منگل کے روز معراج النبیؐ کی تقریب سعید نہایت ہی عقیدت واحترام اور تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئی۔ اس سلسلے میں مساجد، زیارت گاہوں، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں معراج النبیؐ کی مناسبت سے خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔ علمائے کرام اور ائمہ مساجد نے پیغمبر اسلام ؐکی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی جبکہ نعت خوانوں نے نعتیہ کلام پڑھے ۔ میڈیا کے کارکنوں نے بتایا کہ وادی کی مساجد، زیارت گاہوں اور خانقاہوں میں رات بھر جاری رہنے والی پرنور اور پروقار شب خوانی کی تقریبات میں سردی کے باوجود لاکھوں کی تعداد میں عاشقان رسول ؐ وعظ و تبلیغ، درودواذکار ، ختمات المعظمات اور نعت و منقبت میں محو رہے ۔ اس دن کی مناسبت سے سب سے بڑی تقریب شہرہ آفاق جھیل ڈ ل کے کناروں پر واقع آثار شریف درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاں وادی کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے عاشقان رسول ؐ نے شب خوانی کی روح پرور مجالس میں حصہ لیا۔