جمہوریت کا مذاق اُڑانے والوں کو سبق سکھانا وقت کا تقاضہ

   

صدر ضلع کانگریس نرمل کے سری ہری راؤ کی نمائندہ ’سیاست ‘سے بات چیت

نرمل۔/20 اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صدر ضلع کانگریس نرمل مسٹر کے سری ہری راؤ نے جمعہ کے دن سید جلیل ازہر سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اس ماہ کی 22 تاریخ کو ریاستی وزیر اعلیٰ مسٹر اے ریونت ریڈی حلقہ لوک سبھا عادل آباد کے کانگریس امیدوار محترمہ آترم سوگنا کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے اور آترم سوگنا کے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے وقت موجود رہیں گے۔ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی حلقہ لوک سبھا عادل آباد پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ اسمبلی انتخابات کی انتخابی مہم کا ریونت ریڈی نے قبائیلی علاقہ اندرویلی ضلع عادل آباد سے آغاز کیا تھا جبکہ پارلیمنٹ کی انتخابی مہم کا بھی انہوں نے ایک ماہ قبل ہی اندرویلی سے آغاز کیا۔ آج صبح ضلع عادل آباد کی انچارج وزیر محترمہ سیتا اکا نے عادل آباد میں وزیر اعلیٰ کے جلسہ کے مقام اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ صدر ضلع کانگریس مسٹر کے سری ہری راؤ، خانہ پور رکن اسمبلی وی بوجو، کے علاوہ مدہول حلقہ کے سینئر کانگریس قائد مسٹر آزاد راؤ پٹیل بھی شامل تھے جبکہ حلقہ لوک سبھا عادل آباد کی کانگریس امیدوار آترم سوگنا بھی موجود تھیں۔ مسٹر راؤ نے سلسلہ گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ملک کی عوام دس برس وعدوں سے انحراف کرنے والی حکومت کو برداشت کرلیا اب وقت آگیا ہے کہ نفرت کے سوداگروں اور جمہوریت کی دھجیاں اڑانے والوںکو سبق سکھایا جائے۔ مرکزی حکومت نے ملک کے معصوم عوام کو بے وقوف بناکر صرف اور صرف سرمایہ داروں کی کٹھ پتلی بن کر حکمرانی کررہی ہے۔ کہاں گیا اکاؤنٹ میں پندرہ لاکھ روپئے جمع کرنے کا وعدہ، کہاں ہیں دو کروڑ ملازمتیں؟ بجائے ان وعدوں کے ملک کے ماحول کو خراب کرنے کی ہروقت کوشش کی جارہی ہے۔ ملک میں ترقیاتی کام ٹھپ ہوگئے ہیں صرف اور صرف ہندو مسلم کی بات کرنا اور حکمرانی کرنا بھارتیہ جنتا پارٹی کا کلچر بن گیا ہے۔ آج مہنگائی کا عالم تو عوام خود بیان کررہے ہیں۔ پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں جو اضافہ ہوا ہے اس کو عوام بھول نہیں سکتی۔ یہ بات سینہ ٹھوک کر کہوں گا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو پارلیمانی انتخابات میں ووٹ مانگنے کا حق نہیں ہے۔ کانگریس کی قربانیوں کو ملک کی عوام کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔ تاریخ کے اوراق گواہ ہیںکہ آنجہانی اندرا گاندھی کو گولیوں سے چھلنی کردیا گیا، سونیا گاندھی کا سہاگ اجاڑ دیاگیا پھر بھی گاندھی خاندان عوام اور ملک کی خوشحالی کیلئے فکرمند ہے۔ میں تمام طبقات کے عوام سے پرزور اپیل کرتا ہوں کہ آنے والے پارلیمانی انتخابات میں کانگریس پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہوئے کانگریس کو مرکز میں اقتدار پر لائیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریونت ریڈی وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داری سنبھالتے ہی ریاست کے ہر علاقہ میں دیہی علاقو ں اور شہری حدود کے قد آور قائدین کانگریس میں شامل ہوتے ہوئے کانگریس کی کامیابی کیلئے سرگرم ہوگئے ہیں۔ 22 تاریخ کو وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کے دورہ عادل آباد کے بعد انتخابی مہم میں شدت پیدا ہوجائے گی۔ بہر صورت لوک سبھا عادل آباد میں کانگریس کا پرچم لہرائے گا۔