جمہوریت کو تباہ کرکے ٹاملناڈو کی آواز دبائی جارہی ہے : راہول

   

چینائی 10 اکتوبر (یو این آئی) کانگریس لیڈر و قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر جمہوریت کو تباہ کرنے اور حلقہ بندی کے ذریعے ٹاملناڈو کی آواز دبانے کی کوشش کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ اسے دبنے نہیں دیناہے ۔راہول گاندھی نے اپنی مہم ‘چھاتروں کی گونج’ کے چھٹے ایڈیشن سے خطاب کرتے ہوئے طلبہ سے بات کی اور ان سے سوالات پوچھے ۔ پیریار اور تروولوور کے خیالات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بات کو صرف اس لیے قبول نہیں کرنا چاہیے کہ اسے کسی دوسرے شخص نے کہا ہے ، بلکہ ہر چیز کا تجزیہ کرنا اور اس کے بارے میں سوالات پوچھنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ تجسس سوالات پوچھنے ، نئی چیزیں جاننے ، تصور کرنے اور اپنی پسند کا انتخاب کرنے کی طاقت دیتا ہے ۔ کسی بھی کاروبار، ملک، اختراع، فن، رقص یا موسیقی کو بہتر طریقے سے کرنے کی شروعات ایک سوال سے ہوتی ہے ۔ جمہوریت میں سوال پوچھنا لوگوں کا حق ہے اور سوالات کے حق کا تحفظ کرنا بھی ضروری ہے ، لیکن مودی حکومت انہی اصولوں کو تباہ کر رہی ہے ۔ راہول نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم ٹاملناڈو کی زبان، ثقافت اور زمین پر حملہ کر رہے ہیں۔ لوگوں پر زبان تھوپی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نفرت اور خوف پھیلا کر سماج کو تقسیم کرنا ان کا ہتھیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ بندی کے ذریعے ٹاملناڈو کی آواز دبانے اور ریاست کے لوگوں کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔انہوں نے طلبہ سے کہا کہ انہیں اپنی زبان، ثقافت، روایات، تاریخ اور زمین پر فخر ہونا چاہیے ، کیونکہ یہی ان کے تجسس کی بنیاد ہیں۔