مختلف مقابلوں کے انعام یافتگان میں چیکس کی تقسیم
حیدرآباد ۔22۔ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے عوام کو جمہوریت کی اہمیت اور رائے دہی میں حصہ لینے کے بارے میں شعور بیداری کیلئے کئی پروگرامس منعقد کئے۔ اسی طرح کا ایک پروگرام طلبہ اور سماج کے دیگر گروپس کیلئے منعقد کیا گیا۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج اور مس منیشا سابو نے مختلف مقابلوں کے کامیاب امیدواروں میں چیکس تقسیم کئے۔ 12 کامیاب امیدواروں میں 4 نے پہلا انعام حاصل کیا جس کے تحت فی کس 20 ہزار روپئے کا چیک پیش کیا گیا۔ 8 امیدوار دوسرے انعام کے مستحق رہے جنہیں فی کس 10 ہزار روپئے کا انعام دیا گیا۔ اکتوبر میں شعور بیداری مہم کے تحت دو مراحل میں مختلف مقابلے منعقد کئے گئے تھے۔ پہلے مرحلہ میں 18 سال کی تکمیل کرنے والے نوجوانوں کو فہرست رائے دہندگان میں نام شامل کرنے کی ترغیب دی گئی۔ دوسرے مرحلہ میں رائے دہی کے دن قبل از وقت اپنے ووٹ کا استعمال کرنے کیلئے شعور بیدار کیا گیا۔ مختلف زمرہ جات میں سینکڑوںکی تعداد میں امیدواروں نے حصہ لیا۔ سیشا راؤ اگزیکیٹیو ڈائرکٹر ، مس نریجا ڈائرکٹر ، مس شانتی اسوسی ایٹ ڈائرکٹر اور مس رادھیکا اسسٹنٹ مینجر HYSEA ، ٹی ایس رمن چیف اگزیکیٹیو آفیسر اور سونو سنگھ ٹیم لیڈر اور دوسروں نے تقریب میں شرکت کی۔ سرفراز احمد جوائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر نے پروگرام کی نگرانی کی ۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے اس موقع پر فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت اور رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کی ضرورت پر زور دیا۔