جناب ظہیرالدین علی خان گنگاجمنی تہذیب کے علمبردار تھے

   

محبوب نگر کی مختلف شخصیتوں کا اظہار رنج و غم اور خراج عقیدت،یادگار وابستگی کا تذکرہ

محبوب نگر ۔ 11۔ اگسٹ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مینجنگ ایڈیٹر سیاست جناب ظہیرالدین علی خان کی رحلت پر الفیض ویلفیر سوسائٹی کے بانی محمد جہانگیر بابا نے بھرپور خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اردو کی بقاء و ترقی میں انہوں نے کلیدی رول ادا کیا ہے ۔ وہ ایک سچے محب وطن اور سیکولر قائد تھے ، گنگاجمنی تہذیب کے علمبردار تھے ۔ مسلمانوں کے مسائل اور اوقافی املاک کے تحفظ کیلئے ہمیشہ حرکت میں رہے ۔ تعلیمی اداروں سے ربط اور مسلم قوم کی تعلیمی ترقی ان کے پیش نظر تھی ان کا جدا ہونا ہمارے لئے ایک بڑا نقصان ہے ۔ آواز کمیٹی کے ذمہ دار جناب نظام الدین نے بھی اپنے صحافتی بیان میں مینجنگ ایڈیٹر سیاست کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف وہ ریاست بلکہ ملک کی سطح پر اپنی پہچان بنائی تھی ۔ محمد اویس ضلع صدر این ایس یو آئی نے بھی ظہیرالدین علی خان صاحب کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہاکہ ایسی شخصیت لاکھوں میں ایک پیدا ہوتی ہے ان کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے انہیں حقیقی خراج پیش کیا جاسکتا ہے ۔ پی بچا ریڈی ڈسٹرکٹ کوآرڈنیٹر تلنگانہ پرجا فرنٹ نے صحافتی بیان میں اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ اقلیتوں ، کمزور طبقات کیلئے دن رات فکر کرنے والی شخصیت ہم سے جدا ہوگئی ۔ انہوں نے ریاست اور ملک میں سیکولر بنیادوں کو مضبوط کرنے کی ممکنہ کوشش کی ۔