شاہی مسجد باغ عامہ میں تقریب نکاح، مفتی تجمل حسین نے بیان کیا
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جولائی (سیاست نیوز) مسلمانوں میں شادی بیاہ کے موقع پر بیجا رسومات اور اسراف کے خلاف مہم کے دوران جناب محمد لطیف خاں بانی و صدرنشین ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی نے اپنے دو فرزندان اور ایک دختر کا نکاح انتہائی سادگی اور سنت نبویؐ کے مطابق انجام دیتے ہوئے ملت اسلامیہ کے لئے مثال قائم کی ہے۔ شاہی مسجد باغ عامہ میں جمعرات کو بعد مغرب تقریب نکاح میں شریک علماء ، قائدین ، اعلیٰ عہدیداروں اور دیگر معززین نے جناب محمد لطیف خاں کے جذبہ کی ستائش کی جنہوں نے اپنے بچوں کی شادی کے موقع پر بے جا اخراجات سے گریز کرتے ہوئے پانچ غریب اور مستحق لڑکیوں کی شادی کا انتظام کیا۔ جناب محمد لطیف خاں کے بڑے فرزند محمد اویس خاں کا نکاح جناب عبدالحئی شریف کی دختر ، دوسرے فرزند محمد الیاس خاں کا نکاح جناب محمد رحمت اللہ شریف کی دختر کے ساتھ انجام پایا۔ جناب محمد لطیف خاں کی دختر کا نکاح حافظ محمد انعام اللہ شریف فرزند جناب محمد عبدالحئی شریف کے ساتھ انجام پایا۔ اس تقریب میں ایک اور نکاح منعقد ہوا جس میں جناب محمد عبدالحئی شریف کے فرزند محمد عطا اللہ شریف کا نکاح محمد رحمت اللہ شریف کی دختر کے ساتھ انجام پایا۔ مولانا مفتی تجمل حسین نے خطبہ نکاح سے قبل بیان کیا۔ مولانا محمد بن عبدالرحیم بانعیم نے خطبہ نکاح پڑھا۔ تقریب نکاح میں وزیر داخلہ محمد محمود علی ، مینجنگ ایڈیٹر سیاست جناب ظہیر الدین علی خاں ، نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں کے علاوہ کئی ممتاز مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیتوں نے شرکت کی اور عاقدین کو مبارکباد پیش کی۔ جناب انور احمد اورجناب معظم حسین ڈائرکٹرس ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ر