جناح والی آزادی کا نعرہ لگانے والوں کو جیل بھیج دینا چاہئے: بابارام دیو، دیپیکا پڈوکون پربھی تنقید، سی اے اے کی تائید

,

   

اندور: یوگا گرو بابا رام دیو نے کہا ہے کہ سی اے اے کے خلاف احتجاج والوں کو اس کا پورا مطلب بھی نہیں پتہ لیکن اس کے خلاف احتجاج کرنے چلے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ یونیورسٹیز نئی نئی تحقیقات کرنے کیلئے بنائی جاتی ہیں، آزاد ی کے نعروں کیلئے نہیں بنائی جاتی۔ احتجاج کرنے والے طلبہ ملک کی معروف و معتبر یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرتے ہیں لیکن احتجاج کرکے وہ اپنا نام خراب کرلے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک پچھلے ایک ماہ سے جل رہا ہے، یونیورسٹیز تحقیقات کے لئے ہوتی ہیں لیکن طلبہ آزادی کے نعرے رہے ہیں۔ بعض طلبہ آزادی بھائی آزادی، جناح والی آزادی۔۔ ارے تیری ایسی کی تیسی۔“

رام دیو بابا نے کہا کہ جو لوگ ”جناح والی آزادی“ کے نعرے لگارہے ہیں انہیں جیل میں ڈال دینا چاہئے۔ انہوں نے جے این یو طلبہ کے ساتھ احتجاج میں شرکت کرنے پر اداکارہ دیپیکا پڈوکون پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دیپیکا پڈوکون ایک اداکارہ ہیں لیکن انہیں سوشل، تہذیبی اور سیاسی لوگوں کے ساتھ کس طرح پیش آنا چاہئے انہیں سیکھنا چاہئے۔ وہ اگر مجھے اپنا مشیر مقرر کرتی ہے تو میں انہیں یہ سب باتیں سکھا سکتا ہوں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ شہریت ترمیمی قانون کے ذریعہ سے کسی کی شہریت چھینی نہیں جارہی ہے۔