جناردھن ریڈی بی جے پی میں شامل ، کانگریس ناراض

   

نئی دہلی: کانگریس نے کرناٹک کے کلیان راجیہ پرگتی پکشا کے ممبر اسمبلی جی جناردھن ریڈی کے بی جے پی میں شامل ہونے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کان کنی کے مافیا کو پارٹی میں شامل کرکے بی جے پی نے یہ ظاہر کردیا ہے کہ وہ مافیا کی سرپرست ہے اور کرپشن کو پروان چڑھاتی ہے ۔کانگریس کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پون کھیڑا نے بدھ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بڑا سوال یہ ہے کہ ریڈی کے خلاف 20 مقدمات زیر التوا ہیں اور بدعنوانی کے بے شمار ثبوت ہونے کے باوجود انہیں بچایا جا رہا ہے ۔ حکومت کو بتانا چاہیے کہ جب ان کے خلاف ثبوت موجود ہیں تو ان کے لیے ریڈ کارپیٹ کیوں بچھایا جا رہا ہے ۔ کھیڑا نے سوال کیا کہ کیا مودی حکومت اس قدم سے بدعنوانی کو ختم کرنے کے اپنے دعوے کو کھوکھلا نہیں کر رہی ہے ؟ وزیر اعظم نریندر مودی ہمیشہ کہتے ہیں کہ میں ’جنتا جناردن‘کے لیے انتھک جدوجہد کر رہا ہوں، وہ عوام کے لیے جدوجہد کرتے کبھی نظر نہیں آتے لیکن جناردھن ریڈی کے لئے جدوجہد کرتے ضرور نظر آرہے ہیں۔