جنرل بپن راوت ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف مقرر

   

نئی دہلی 30 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) فوجی سربراہ جنرل بپن راوت کو آج ہندوستان کا پہلا چیف آف ڈیفنس اسٹاف مقرر کردیا گیا ہے۔ انہیںفوج ‘ بحریہ اور انڈین ائر فورس کے کام کاج کو یکجا کرنے اور ملک کی فوجی طاقت میں اضافہ کرنے کا اختیار سونپا گیاہے ۔ واضح رہے کہ حال ہی میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف کا عہدہ تشکیل دیا گیا تھا اور اس پر جنرل راوت کا تقرر ان کی فوجی سربراہ کی حیثیت سے سبکدوشی کے ایک دن قبل ہی عمل میں لایا گیا ہے ۔ بپن راوت تین سالہ معیاد کیلئے فوجی سربراہ مقرر ہوئے تھے اور کل منگل کو سبکدوش ہونے والے تھے ۔ بپن راوت نے اپنی تین سالہ معیاد کے دوران 1.3 ملین فوج میں اصلاحات لانے کے علاوہ جموںو کشمیر میں سرحد پار دہشت گردی سے نمٹنے میں بھی سرگرمی دکھائی تھی ۔ حکومت کے ایک حکمنامہ کے مطابق جنرل بپن راوت کو چیف آف ڈیفنس اسٹاف کی حیثیت سے 31 ڈسمبر سے مقرر سمجھا جائیگا ۔ ان کی معیاد ان کے خدمات پر برقرار رہنے تک رہیں گی ۔ جنرل راوت کیلئے چیف آف ڈیفنس اسٹاف کی حیثیت سے تین سال کام کرنے کا موقع مل سکتا ہے کیونکہ حکومت کی جانب سے سبکدوشی کی عمر کو 65 برس تک کردیا گیا ہے ۔ سکیوریٹی سے متعلق کابینی کمیٹی نے گذشتہ ہفتے ایک اہم سنگ میل فیصلے میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف عہدہ کی منظوری دی تھی ۔ چیف آف ڈیفنس اسٹاف وزیر دفاع کے اولین فوجی مشیر ہونگے اور وہ تینوں خدمات سے متعلق امور پر حکومت کو مشورے دینگے ۔