راولپنڈی : جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹسٹ میں بلے بازوں کے غیرذمے دارانہ کھیل کے سبب پاکستان مشکلات سے دوچار ہے اور میزبان ٹیم 200 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرنے کے باوجود 6 وکٹیں گنوا چکی ہے۔ راولپنڈی میں جاری میچ کے آج تیسرے روز جنوبی افریقی ٹیم نے 106/4 سے آگے کھیلنا شرو ع کیا تو 114 کے مجموعی اسکور پر اس کی پانچویں وکٹ گرگئی۔ اس کے بعد وی آن مڈلد نے ٹیمبا باووما نے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا اور 50 رنز کی شراکت داری قائم کی تاہم یہ شراکت دار 164 رنز کے مجموعی اسکور پر اس وقت ٹوٹ گئی جب مڈلر 33 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ 164 پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد افریقی ٹیم کے کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور 186 کے اسکور پر افریقی ٹیم کا ساتواں کھلاڑی پویلین لوٹ گیا۔ اس کے بعد مہمان ٹیم کی اگلی وکٹ 192 رنز پر گری جس کے بعد آنے والے کھلاڑی ٹیم کو سہارا نہ دے سکے اور 201 رنز کے مجموعی اسکور پر مزید 2 وکٹیں گرگئیں۔ یوں جنوبی افریقی ٹیم 65.4 اوورز میں 201 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، مہمان ٹیم کی جانب سے ٹیمبا باووما نے سب سے زیاد 44 رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہے۔ پہلی اننگز میں پاکستانی باؤلرز نے شاندار گیندبازی کی اور حسن علی نے سب سے زیادہ وکٹیں اپنے نام کیں۔ حسن علی نے صرف 54 رنز دے کر افریقی ٹیم کے 5 اہم کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ان کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف اور نعمان علی نے ایک، ایک وکٹ لی۔ 201 رنز پر جنوبی افریقی ٹیم کو آؤٹ کرنے کی بدولت پاکستان نے پہلی اننگز میں 71 رنز کی برتری حاصل کی۔