سیئول ۔ 27 جون (ایجنسیز) جنوبی کوریا نے حریف ہمسایہ ملک شمالی کوریا کے خلاف اپنی ڈرون اور کاؤنٹر ڈرون فورسز کی اہلیت اور تعداد میں تیز رفتار اضافہ کا فیصلہ ہے۔ اس منصوبے کے تحت قریب پانچ لاکھ فوجی ڈرون آپریٹرز کو باقاعدہ تربیت دی جائے گی۔ جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول سے جمعہ 26 جون کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق ملکی وزارت دفاع نے بتایا کہ حکومت نے شمالی کوریا کے ساتھ عشروں پرانی فوجی کشیدگی کے تناظر میں اپنی ڈرون فورسز اور کمیونسٹ کوریا کی طرف سے ممکنہ حملوں کی صورت میں اپنی کاؤنٹر ڈرون فورسز کی تعداد اور اہلیت دونوں میں واضح اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت دفاع کے مطابق اس منصوبے کے تحت سیول پانچ لاکھ ایسے آپریٹرز کو باقاعدہ تربیت دے گا، جن کے لیے حکام نے ’’ڈرون جنگجوؤں‘‘ کی اصطلاح استعمال کی۔ اس کے علاوہ شمالی کوریا کے ساتھ ساری سرحد پر اگلی صفوں کے فوجی یونٹوں کو بیسیوں ہزار عسکری ڈرونز مہیا کیے جائیں گے، جو ہمہ وقت تیار رکھے جائیں گے اور بوقت ضرورت بغیر انسانوں کے پرواز کرنے والے فضائی دفاعی سسٹمز کے طور پر استعمال میں لائے جا سکیں گے۔