جنگجووں کے مکمل صفایا کو یقینی بنایا جائے گا:سیکورٹی فورسز

   

سری نگر، 16 مئی (یو این آئی) سیکورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ 22 اپریل کو پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد کئی سیکورٹی ایجنسیوں کے تیز اور مربوط کارروائیوں کے نتیجے میں جنوبی کشمیر کے شوپیاں اور پلوامہ اضلاع میں گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران دو الگ الگ کامیاب آپریشنز میں 6 جنگجووں کو ہلاک کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں بھی تمام ایجنسیوں کے ساتھ تال میل کے ذریعے جموں وکشمیر سے جنگجووں کے مکمل صفایا کو یقینی بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد کہیں بھی چھپا ہو ان کو تلاش کرکے بے اثر کر دیا جائے گا۔ یہ باتیں جمعہ کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران کی گئیں جس میں انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر وی کے بردی، فوج کی وکٹر فورسز کے جی او سی میجر جنرل دھاننجے جوشی اور سی آر پی ایف کے انسپکٹر جنرل متیش کمار نے شرکت کی۔پریس کانفرنس کے آغاز میں آئی جی پی کشمیر نے کہا کہ کسی بھی دہشت گردانہ حملے کے بعد، اس طرح کی کارروائیاں اہم ہوتی ہیں اور پہلگام کے واقعے کے بعد پورے جنوبی کشمیر میں کومبنگ اور انٹیلی جنس کو مزید متحرک کر دیا گیا۔