تہران ۔ 20 جولائی (ایجنسیز) ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکہ سے جنگ اس وقت ختم ہو گی جب ایران کو میدان میں برتری حاصل ہو گی، جنگ کا خاتمہ یا تو مکمل عسکری فتح کے ذریعہ ممکن ہے یا پھر مذاکرات کے ذریعہ۔ ایرانی خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا درست وقت وہ ہوتا ہے جب آپ فوجی محاذ پر ٹھوس میدانی اور اسٹریٹجک کامیابیاں حاصل کر چکے ہوں۔ عباس عراقچی نے کہا کہ آپ عوام کی زندگیوں اور ملک کے مستقبل کے معاملہ میں خطرات مول نہیں لے سکتے، فیصلے درست اور مکمل حساب کتاب کی بنیاد پر کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت کو ہر وقت یہ جائزہ لینا چاہیے کہ جنگ جاری رکھنے سے فائدہ ہو گا یا اس کی قیمت زیادہ بھاری پڑے گی۔ ایرانی وزیرِ خارجہ نے یہ بھی کہا کہ کچھ نقصانات کے باوجود اس جنگ میں ایران مؤثر بین الاقوامی طاقت کے طور پر ابھرا ہے، جنگ کے دوران ایران نے اپنے نظام کی مضبوطی کا مظاہرہ کیا۔ دوسری جانب امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکہ نے ایران کے ساتھ کئی بار مذاکرات کی کوشش کی اور یہ کوشش جاری رکھیں گے۔