جنگ سے ایران کی ایٹمی خواہش کی حمایت بڑھی: لاوروف

   

ماسکو ۔ 29 اگست (ایجنسیز) روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کے حملوں نے ایران میں ممکنہ طور پر ان لوگوں کو مضبوط کر دیا ہے جو سمجھتے ہیں کہ ایران کو ایٹمی طاقت ہونا چاہیے۔ایک انٹرویو میں روسی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی جارحیت سے پہلے آبنائے ہرمز پوری طرح کھلی ہوئی تھی، اب ایران جہازوں کے گزرنے کے لیے فیس کی بات کر رہا جو اس سے پہلے کبھی نہیں تھی۔انہوں نے کہا کہ اس جنگ کا ایک نتیجہ یہ بھی ہے کہ ایران میں وہ لوگ جو اس بات کی وکالت کرتے تھے کہ صرف ایٹمی ہتھیار ہی ایران کو محفوظ رکھ سکتے ہیں ان کی پوزیشن مضبوط ہو گئی ہے۔ سرگئی لاوروف نے کہا کہ ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای اور ان کے سیکوریٹی مشیر علی لاریجانی کے دور میں ایسی آوازیں محض معمولی اہمیت رکھتی تھیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ صدر ٹرمپ کہتے ہیں کہ وہ ایران سے بات کرنا چاہتے ہیں مگر اب بات کرنے کے لیے ایران میں کوئی بچا ہی نہیں۔