حیدرآباد۔5ڈسمبر(سیاست نیوز) جوبلی بس اسٹیشن تا فلک نما حکومت موبیلیٹی کاریڈار کی تعمیر کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ نے آج ایک جائزہ اجلاس میں انکشاف کیا کہ حکومت سے جوبلی بس اسٹیشن تا فلک نما براہ ٹینک بنڈ ‘ عابڈس ‘ معظم جاہی مارکٹ ‘ چارمینار تا فلک نما کاریڈور کی تعمیر و ترقی کا منصوبہ تیا رکیا جا رہاہے اور اس کیلئے ماہرین کے ذریعہ مطالعہ کا کام جاری ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ حکومت ماہرین کے تعاون اور ان کی رپورٹ کے مطابق کاریڈور کو ترقی دینے حکمت عملی تیار کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فرانس کی کمپنی سے اس کاریڈور کے سلسلہ میں ابتدائی رپورٹ پیش کی جاچکی ہے اور توقع ہے کہ فروری 2020 تک مکمل رپورٹ مل جائیگی اور اس کے بعد حکومت اس پراجکٹ کا جائزہ لے گی اور عوامی فائدہ ہو تو پراجکٹ کو منظوری دیگی۔ انہو ںنے بتایا کہ شہر کے جنوبی حصہ سے شمالی حصہ تک اس راہداری کے سلسلہ میں اب تک کی رپورٹس اطمینان بخش ہیں اور اس راہداری کی ترقی کی صورت میں سیاحوں کی تعداد میں اضافہ کے علاوہ شہر کے دو حصوں کو جوڑنے سے زبردست فائدہ ہوگا اور شہر کے ٹریفک کے مسائل میں کمی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت فرانس کی کمپنیوں اور سرمایہ کاری سے اس پراجکٹ کو تکمیل کو پہنچائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت سے عوامی نظام حمل و نقل کو فروغ دینے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں اور یہ بھی اسی کی کڑی ہے۔