جوبلی ہلز ضمنی چناؤ ، بی آر ایس نے ’ وار روم ‘ تشکیل دیا

   

10 ۔ اکٹوبر تک ڈیویژنس کے اجلاس ، 12 اکٹوبر سے انتخابی مہم شروع کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد 9 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) بی آر ایس نے اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب سے متعلق انتحابی حکمت عملی تشہیری مہم ، پارٹی قائدین کے درمیان تال میل پیدا کرنے ’ وار روم ‘ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وار روم انچارجس کی حیثیت سے پارٹی ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر ، سابق وزراء ہریش راؤ ، ٹی سرینواس یادو ، پدماراو گوڑ ، محمد محمود علی خدمات انجام دیں گے ۔ گزشتہ دو دن دن سے کے ٹی آر اور ہریش راو ، اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز میں انتخابی مہم چلانے کیلئے نامزد کئے گئے پارٹی قائدین سے مشاورت کررہے ہیں ۔ 10 اکٹوبر تک تمام ڈیویژنس کے بوتھ کمیٹیوں کا اجلاس منعقد کرکے 12 اکٹوبر سے انتخابی مہم شروع کرنے کی منصوبہ بندی تیار کی گئی ہے ۔ اچھے مہورت کو دیکھتے ہوئے پارٹی اُمیدوار سنیتا کا پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ بی آر ایس اپنی موجودہ نشست کو بچانے کیلئے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کو وقار کا مسئلہ بناکر انتخابی میدان میں اُتر رہی ہے ۔ 9 اور 10 اکٹوبر کو پارٹی کے اہم قائدین ، ڈیویژن انچارجس کا اجلاس طلب کرکے پارٹی کی انتخابی مہم چلانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔ جس میں قائدین کو مختلف ذمہ داریاں سونپی جائینگی ۔ روڈ شوز ، روزانہ انتخابی مہم چلانے شیڈول کی تیاری ، وار روم سے جاری احکامات کے مطابق انتخابی مہم میں شدت پیدا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بی آر ایس ورکنگ صدرکے ٹی آر نے پارٹی کے تمام قائدین کو ہدایت دی ہیکہ وہ آپسی نظریاتی اختلافات بالاتر ہو کر انتخابی مہم چلائے اور پارٹی اُمیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کا نشانہ مختص کرتے ہوئے کام کریں ۔ پارٹی کے قائدین نے بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر کو بھی انتخابی میدان میں اُتارنے کی کے ٹی آر اور ہریش راؤ سے اپیل کی ۔ 2