جوکووچ نویں مرتبہ آسٹریلین اوپن کے فائنل میںداخل

   

میلبورن۔ دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی اور آٹھ مرتبہ کے فاتح سربیا کے نوواک جوکووچ نے روس کے کوالیفائر اسلان کراتسیف کی مہم کو راست سٹوں میں 6-3، 6-4 اور 6-2 کی کامیابی کے ساتھ ختم کرتے ہوئے نویں مرتبہ سال کے پہلے گرانڈ سلام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ جوکووچ نے راڈ لیور ایرینا میں کراتسیف کو ایک گھنٹہ 53 منٹ میں شکست دی۔ جوکووچ نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا میں 114 ویں نمبر کے کھلاڑی کراتسیف کا اپنے گرانڈ سلام ڈیبیو میں فائنل میں پہنچنے کے پہلے کھلاڑی بننے کا خواب توڑ دیا۔ جوکووچ کا فائنل میں پانچویں سیڈ یونان کے استیفنوس سیتسپاس اور چوتھی سیڈ روس کے ڈینیل میدیدیف کے درمیان دوسرے سیمی فائنل کے فاتح سے مقابلہ ہوگا۔ سیتسپاس نے کوارٹرفائنل میں دنیا کے دوسرے نمبر کے کھلاڑی اسپین کے رافیل نڈال کو چار گھنٹے پانچ منٹ تک چلے میراتھن مقابلے میں 5-7،4-6،6-2،6-3 سے شکست دی تھی۔ سربیا کے کھلاڑی کا غلبہ میچ میں اتنا زبردست تھا کہ انہوں نے صرف ایک غلطی کی اور 30 ونرس لگائے ۔ جوکووچ اس کے ساتھ اپنے کیریئر کے 28 ویں گرانڈ سلام فائنل میں پہنچ گئے ۔ 34 سالہ جوکووچ نے ایس لگا کر میچ ختم کیا اور اب وہ اپنا 18 واں گرانڈ سلام خطاب جیتنے سے ایک قدم دوررہ گئے ہیں۔سوئزرلینڈ کے راجر فیڈرر اور اسپین کے رافیل نڈال فی کس20 گرانڈ سلام خطاب جیتے ہیں۔جوکووچ نے2021 میں لگاتار آٹھ میچ جیتے ہیں۔ فائنل میں ان کے سامنے میدویدیف یا سیتسپاس ہوں گے ۔ جوکووچ کا میدیدیف کے خلاف کیریئر کا ریکارڈ 4-3 اورسیتسپاس کے خلاف 4-2 ہے ۔نڈال کی کوارٹر فائنل میں شکست کے ساتھ اب یہ یقینی ہوگیا ہے کہ جوکووچ کم سے کم 8 مارچ تک دنیا کے نمبرایک کھلاڑی رہیں گے اور فیڈرر کا ریکارڈ توڑتے ہوئے عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر311 ویں ہفتے میں داخل ہوں گے ۔کئی الٹ پھیر کرتے ہوئے سیمی فائنل تک پہنچے کراتسیف دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی کچھ خاص نہیں کرسکے ۔ جوکووچ نے پہلا سٹ 35 منٹ میں جیت لیا۔ اس سٹ میں کراتسیف نے 13 غیرضرروری غلطیاں کیں۔ جوکووچ نے کراتسیف کو واپسی کا کوئی موقع نہیں دیا اور راست سٹوں میں میچ نمٹاتے ہوئے خطابی مقابلے میں داخلہ حاصل کیا۔