جلسہ عام میں حکومت کی جانب سے رکاوٹوں کا الزام
حیدرآباد۔ 19 اپریل (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے دعویٰ کیا کہ جگتیال میں 20 اپریل کو جلسہ عام سے ریاست میں پارٹی کی کامیابی کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جگتیال کا جلسہ عام تلنگانہ میں بی آر ایس کا ’وکٹری مارچ‘ ثابت ہوگا۔ کانگریس کے سینئر لیڈر جیون ریڈی کی بی آر ایس میں شمولیت کے موقع پر جلسہ عام سے پارٹی سربراہ کے چندر شیکھر راؤ خطاب کریں گے۔ متحدہ کریم نگر کے تمام اسمبلی حلقہ جات سے ہزاروں کی تعداد میں عوام کی شرکت متوقع ہے۔ کے سی آر نے 17 مئی 2001 کو کریم نگر میں ’’سمہا گرجنا‘‘ کے عنوان سے جلسہ عام میں علیحدہ تلنگانہ تحریک کا اعلان کیا تھا۔ کے ٹی آر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر تقریباً ایک سال بعد کسی عوامی جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت کی جانب سے جلسہ عام میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی جنہوں نے گزشتہ دو برسوں میں میڈی گڈہ کا دورہ نہیں کیا اچانک اسی دن میڈی گڈہ جارہے ہیں تاکہ عوام کی توجہ منقسم کردی جائے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ریونت ریڈی جو عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوگئے اب جگتیال کے جلسہ عام کو ناکام بنانا چاہتے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ جیون ریڈی کی بی آر ایس میں شمولیت سے شمالی تلنگانہ میں پارٹی مستحکم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں سیاسی ماحول تبدیل ہو رہا ہے اور عوام بی آر ایس کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ اسی دوران صنعت نگر کے رکن اسمبلی سرینواس یادو نے رکن کونسل ایل رمنا کے ہمراہ جگتیال پہنچ کر جلسہ عام کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ 1؍F