نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کے طیارے میں منگل کو اچانک تکنیکی خرابی ہو گئی، جس کی وجہ سے وہ انتخابی ریلی سے خطاب کرنے کے لیے آج مہاراشٹرا کے چکھلی نہیں پہنچ سکے اور اس کے لیے انہوں نے کسانوں سے معافی مانگی ہے ۔راہول گاندھی نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے یہ اطلاع دی اور کہا کہ وہ مہاراشٹر کے کسانوں کی صورتحال کو سمجھتے ہیں اور ان کے مسائل جاننا چاہتے ہیں لیکن جہاز میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے وہ کسانوں سے نہیں مل پا رہے ہیں اور اس کیلئے وہ کسانوں سے معافی مانگتے ہیں۔اس حوالے سے جاری ہونے والی ایک ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ نمسکار ، میں آپ سب سے معذرت خواہ ہوں، مجھے آج چکھلی آنا تھا، وہاں مجھے سویابین کے کاشتکاروں سے ملنا تھا اور جلسہ عام سے خطاب کرنا تھا۔ لیکن جہاز میں تکنیکی خرابی کے باعث میں نہیں آسکا۔