جیسوال کو درجہ بندی میں 14 مقامات کا فائدہ، سرفرازکی پیشقدمی

   

نئی دہلی۔ ہندوستان کے نوجوان اوپنر یشسوی جیسوال نے راجکوٹ میں انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹسٹ میں ناقابل شکست 214 رنز بنانے کے بعد ٹسٹ رینکنگ میں اپنا اضافہ جاری رکھا ہے اور وہ 14 درجے کی چھلانگ لگا کر ٹسٹ بیٹرس کی تازہ ترین درجہ بندی میں15 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ چہارشنبہ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تاز ترین درجہ بندی جاری کی ہے ۔ 22 سالہ بائیں ہاتھ کے کھلاڑی جنہوں نے دو ہندوستانیوں ونود کامبلی اور ویراٹ کوہلی سمیت مسلسل دو ٹسٹ مقابلوں میں ڈبل سنچریاں بنانے کے علاوہ سات کرکٹرز کے منتخب فہرست میں شمولیت اختیارکی ہے اور انہوں نے کیریئرکی نئی اعلیٰ درجہ بندی میں 699 نشانات حاصل کئے ہیں۔ کپتان روہت شرما پہلی اننگز میں سنچری بنانے کے بعد ایک مقام ترقی کرکے 12 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ دوسری اننگز میں سنچری کے قریب آنے کے بعد شبمن گل تین درجے ترقی کرکے 35 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ ڈیبیو کرنے والے سرفراز خان اور دھرو جریل بالترتیب 75ویں اور 100ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ راجکوٹ میں پلیئر آف دی میچ رویندر جڈیجہ کی پہلی اننگز میں 112 رنز کی اننگز نے انہیں بیٹرس میں41 ویں سے 34 ویں مقام پر پہنچا دیا ہے۔ انہوں نے آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں بھی اپنا مقام مضبوط کر لیا ہے، جو416 نشانات سے کریئر کے بہترین 469 ریٹنگ پوائنٹس پر پہنچے ہیں۔ جڈیجہ نے سنچری بنائی اور اس زبردست ٹسٹ فتح میں سات وکٹیں حاصل کیں اور ٹسٹ کرکٹ میں نمبر ایک آل راؤنڈر کی حیثیت سے اپنی جگہ برقرار رکھتے ہوئے کیریئر کی نئی اعلیٰ درجہ بندی پر چلے گئے۔ دریں اثنا، کین ولیمسن نے جنوبی افریقہ کے خلاف سنچری بنانے کے بعد بیٹنگ فہرست میں پہلے مقام پر اپنا موقف مزید مضبوط کر لیا ہے، جو سات ٹسٹ میں ان کا ساتویں سنچری ہے۔ تجربہ کار اسپنر روی چندرن ایشون ہندوستانی ٹیم کے ساتھی جسپریت بمراہ کے خلاف پہلا مقام گنوانے کے بعد ٹسٹ بولنگ رینکنگ میں اعلی مقام پر ہیں جبکہ 500 ٹسٹ وکٹیں مکمل کرنے کے بعد ایک مقام کی چھلانگ لگا کر دوسرے نمبر پر آگئے ہیں، جب کہ جڈ یجہ تین درجے چھلانگ لگا کر اسی فہرست میں چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔ انگلینڈ کے اوپنر بین ڈکٹ کی پہلی اننگز میں تیز رفتار 153 رنزکی بدولت 12 درجے ترقی کرکے 13 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
اسمتھ کی ٹیم میں جگہ پر سوالیہ نشان : وان
نئی دہلی۔ انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان کا ماننا ہے کہ اگر تجربہ کار بیٹر اسٹیو اسمتھ کو چھوٹے فارمیٹ میں اوپنر کے طور پر استعمال نہ کیا گیا تو ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم میں ان کی جگہ خطرہ میں پڑ جائے گی۔ آسٹریلیائی کپتان مچ مارش کی تصدیق کی ہے کہ ٹریوس ہیڈ اور ڈیوڈ وارنر نیوزی لینڈ کے خلاف ویلنگٹن میں تین میچوں کی ٹی20 سیریز کے لیے اوپننگ جوڑی ہوں گے، اس سال آنے والے ورلڈ کپ میں اسمتھ کے امکانات کم ہوگئے ہیں۔ میرے خیال میں اسمتھ کا واحد مقام اوپننگ ہے، کیونکہ اس کے پاس کھیل میں مہارت ہے کہ وہ پہلے چھ اوورزکو شاندار طریقے سے استعمال کرسکتا ہے ۔ وہ ایک ہنر مند کھلاڑی ہے۔ وان نے مزید کہا کہ لیکن اگر وہ اوپن نہیں کر رہا ہے تو مجھے نہیں لگتا کہ اسے کھیلنا چاہیے۔ وہ ٹاپ ٹو میں بیٹنگ کرتا ہے تو یہ بہت اچھا ہوگا کیونکہ وہ 50 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے آپ کو 80 یا 90 رنز دے سکتا ہے اور اگر وہ اوپن نہیں کر رہا ہے تو میں پاور پلے کے بعد مڈل آرڈر میں اس کا اثر زیادہ نہیں ہوگا۔