چنئی،15اکتوبر (ایجنسیز) جنوبی ہندکے سوپر اسٹار رجنی کانت کی نئی فلم جیلر2 سنیما گھروں میں ریلیز ہوگئی ہے۔ نیلسن دلیپ کمارکی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں رجنی کانت ایک بار پھر متھوویل پانڈیان کے کردار میں نظرآرہے ہیں۔ فلم میں ان کا مخصوص انداز، سلو موشن مناظر، سگار جلانے کا اسٹائل اور مخالفین کے خلاف زبردست ایکشن شائقین کی توجہ کا مرکز ہیں۔ فلمی جائزے کے مطابق کہانی میں جدت کی کمی کے باوجود رجنی کانت کی اسکرین پر موجودگی اورکامیڈی فلم کو دلچسپ بناتی ہے۔ جیلر2 کی کہانی پہلی فلم کے واقعات کے تقریباً 3 ماہ بعد شروع ہوتی ہے۔ متھوویل پانڈیان اپنے خاندان کے تحفظ کے لیے ایک عام زندگی گزارنے کی کوشش کرتا ہے اور ایک سوپر مارکیٹ میں سوپروائزرکے طور پر کام کرنے لگتا ہے۔ تاہم، جرائم کی دنیا سے اس کا پرانا تعلق دوبارہ اس کے سامنے آجاتا ہے۔ مورتیوں کی اسمگلنگ کرنے والے ایک بڑے گروہ کا سرغنہ دلیپ، جس کا کردار سورج وینجاراموڈو نے اداکیا ہے، اس شخص کی تلاش شروع کرتا ہے جس نے اس کے کاروبار کو نقصان پہنچایا تھا۔ متھوکی شناخت ظاہر ہونے کے بعد اس کے خاندان کو ایک بار پھر خطرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس کے بعد وہ اپنے پرانے ساتھیوں کی مدد لیتا ہے۔ ہدایت کار نیلسن دلیپ کمار نے فلم میں ایکشن کے ساتھ ڈارک کامیڈی کو بھی نمایاں جگہ دی ہے۔ یوگی بابو اور نمو نارائنن کی مزاحیہ اداکاری کئی سنجیدہ مناظر میں بھی شائقین کو ہنسنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ فلم میں فائرنگ اور تشدد کے مناظرکو بھی بعض مقامات پر مزاحیہ انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ تاہم، جب کہانی جذباتی موڑ لینے کی کوشش کرتی ہے تو اس کی رفتار کچھ سست پڑجاتی ہے، لیکن رجنی کانت کی آمد کے ساتھ ہی فلم دوبارہ رفتار پکڑ لیتی ہے۔فلم کی ایک بڑی کمزوری اس کی کہانی کا محدود دائرہ ہے۔کئی مقامات پرکہانی سے زیادہ رجنی کانت کے اسٹارڈم کو نمایاں کرنے پر توجہ دی گئی ہے۔ ودیا بالن کے کردار کانتھا کلپاک کو بھی اس انداز میں پیش کیا گیا ہے کہ وہ متھوویل پانڈیان کی شخصیت اور مردانگی کی تعریف کرتی نظر آتی ہیں۔