چنچل گوڑہ جیل میں ’فیل دی جیل پروگرام‘ کا افتتاح ۔ ادائیگی پر عوام کو جیل کے تجربات اور قیام کی سہولت
حیدرآباد 12 مئی (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ شیو پرتاپ شکلا نے کہاکہ جیل محض ایک قید خانہ نہیں بلکہ قیدیوں میں اصلاحات اور سدھار کے مراکز ہیں۔ گورنر نے آج چنچل گوڑہ جیل میں جیل کے تجربات پر مبنی پروگرام کا افتتاح کیا۔ اِس پروگرام کے تحت محکمہ جیل نے عوام کو جیل کی زندگی کے بارے میں واقف کرانے کا منفرد پروگرام شروع کیا ہے۔ گورنر نے اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ جیل میوزیم کا آغاز ایک تاریخی اقدام ہے جس کے ذریعہ محکمہ جیل میں اصلاحات کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سابق میں دنیا بھر میں اور خاص طور پر ہندوستان میں جیلوں کو سزا کے مراکز تصور کیا جاتا رہا جہاں قیدیوں کو سخت ذہنی اور جسمانی مشقت سے گزرنا پڑتا۔ آزادی کے بعد بھی قیدیوں کے ساتھ اِس طرح کا سلوک جاری رہا۔ اُنھوں نے کہاکہ حالیہ برسوں میں جیل نظم و نسق میں بڑے پیمانہ پر اصلاحات کے نتیجہ میں قیدیوں کی بازآبادکاری اور اُنھیں سدھارنے پر توجہ دی جارہی ہے۔ گورنر نے اِس منفرد اقدام کیلئے ڈائرکٹر جنرل پریزن ڈاکٹر سومیا مشرا کو مبارکباد پیش کی۔ گورنر نے کہاکہ میوزیم محض تاریخی تبدیلیوں کا مجموعہ نہیں بلکہ انصاف، سزا، اصلاح اور ہیومن ریفارمس کے معاملہ میں تبدیلیوں کا مرکز ہے۔ میوزیم میں ماضی کے جیل بیاریکس اور دیگر سہولتوں کے بارے میں پینٹنگس کے ذریعہ عوام کو واقف کرایا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ عوام کو اِس میوزیم کے ذریعہ جیل کے نظام اور قیدیوں کی اصلاح کے اقدامات سے واقفیت حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ اُنھوں نے قیدیوں کو ووکیشنل ٹریننگ اور اسکل ڈیولپمنٹ سے ہم آہنگ کرنے کا مشورہ دیا۔ ڈاکٹر سومیا مشرا آئی پی ایس نے کہاکہ سابق میں سنگاریڈی میں جیل میوزیم کا تجربہ ناکام رہا۔ اِس کے بعد چنچل گوڑہ میں یہ تحریک شروع کی گئی۔ شہریوں کو ادائیگی کے ذریعہ 12 اور 24 گھنٹے جیل کے تجربات سے گزارا جائے گا جس میں جیل کی غذا، ڈسپلن، جیل کے معمولات اور دیگر سرگرمیوں سے واقف ہونے کا موقع حاصل ہوگا۔ آن لائن سلاٹ بکنگ کیلئے سرکاری ویب سائٹ www.telanganajailexperience.com سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ جیل کے احاطہ میں وزیٹرس کے لئے کیفیٹیریا کی سہولت حاصل رہے گی۔ عوام مزید تفصیلات فون نمبر 9494632046 سے حاصل کرسکتے ہیں۔ افتتاحی تقریب میں انسپکٹر جنرل محابس مرلی بابو، ڈی آئی جی محابس حیدرآباد رینج ڈاکٹر ڈی سرینواس، ڈی آئی جی جیل ایم سمپت اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل چنچل گوڑہ ایم شیوا کمار گوڑ نے انتظامات کی نگرانی کی۔V/1 k/b/