نیویارک : ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے اپنی انتظامیہ کے لیے اہم عہدوں پر ٹیلی ویژن سے جڑی شخصیات کو نامزد کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق جمعہ کو ڈونالڈ ٹرمپ نے ڈاکٹر جینیٹ نیشیوات کو سرجن جنرل کے طور پر نامزد کر دیا ہے۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈاکٹر نیشیوات ادویات اور صحت سے متعلق ایک زبردست شخصیت ہیں، وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں کہ امریکی شہریوں کو سستی اور معیاری صحت کی سہولتوں تک رسائی حاصل ہو۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ ڈاکٹر نیشیوات لوگوں کو بااختیار بنانے میں یقین رکھتی ہیں۔ نو منتخب صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈاکٹر نیشیوات نے کورونا کی وباء کے دوران مریضوں کا علاج کیا اور سمندری طوفان کے متاثرین کا بھی خیال رکھا۔ ڈونالڈ ٹرمپ کے مطابق خاتون ڈاکٹر نے مراقش، ہیٹی اور پولینڈ میں بھی ڈیزاسٹر ریلیف تنظیم کے لیے کام کیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈاکٹر جینیٹ نیشیوات امریکی ٹی وی چینل پر مختلف بیماریوں، شراب اور منشیات کے استعمال کے اثرات اور قدرتی آفات کے مسائل پر بات کرتی ہیں۔