جیڈی میٹلہ میں دھماکہ کے بعد آتشزدگی

   

مقامی عوام میں خوف و ہراس، دو دنوں میں دوسرا واقعہ
حیدرآباد۔ یکم فروری (سیاست نیوز) جیڈی میٹلہ کے صنعتی علاقہ میں دھماکہ کے بعد آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ رہائشی علاقہ سے جڑے ہوئے صنعتی علاقہ میں آتشزدگی کے سبب سنسنی پھیل گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ دو دنوں میں یہ دوسرا واقعہ ہے۔ آئے دن صنعتی علاقہ میں ایسے واقعات سے عوام میں خوف پیدا ہوگیا ہے۔ آئی ڈی اے جیڈی میٹلہ کے گمپالہ بستی میں یہ واردات پیش آئی۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک کیمیکل اسکراپ گودام میں گیس کٹر کا سلینڈر پھٹ پڑا جس کے سبب زور دار آواز کے ساتھ آگ بھڑک اٹھی۔ اطلاع کے ساتھ ہی آتش فرو عملہ اور پولیس مقام واردات پر پہنچی اور دو فائر انجنوں کو طلب کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا گیا۔ اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا بلکہ کیمیکل اسکراپ گودام تباہ ہوگیا۔ جیڈی میٹلہ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع