جی ایچ ایم سی الیکشن کے لئے پولیس کے وسیع تر انتظامات

,

   

شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کا فلیگ مارچ

حیدرآباد: جی ایچ ایم سی انتخابات کے پیش نظر حیدرآباد سٹی پولیس کی جانب سے وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ پولیس کمشنر انجنی کمار کی زیر نگرانی پرانے شہر میں آج فلیگ مارچ کیا گیا جس میں ہزاروں پولیس ملازمین نے حصہ لیا ۔ فلیگ مارچ کا آغاز ناگول چنتا چوراہا شاہ علی بنڈہ سے ہوا اور یہ سدھا لائبریری ہری باؤلی ، والٹا ہوٹل ، اعتبار چوک سے گزرتا ہوا گلزار حوض پر اختتام کو پہنچا۔ پولیس کمشنر کے علاوہ دیگر اعلیٰ پولیس عہدیدار گھوڑوں پر سوار تھے۔ کمشنر نے بتایا کہ شہر حیدرآباد کے4979 پولنگ اسٹیشن کے منجملہ 1704 کی حساس اور 1085 کی انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن کے طور پر نشاندہی کی گئی ہے۔ انجنی کمار نے کہا کہ شہر میں غیر قانونی رقومات اور شراب کی منتقلی کی روک تھام کیلئے 15 چیک پوسٹ قائم کئے گئے ہیں اور 2785 روڈی عناصر کو پابند مچلکہ کیا گیا ہے۔ شہر میں تلاشی مہم کے دوران ایک کروڑ 40 لاکھ سے زائد حوالہ کی رقم ضبط کی گئی جبکہ شراب بھی ضبط کی جارہی ہے۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ یکم ڈسمبر کو ہونے والی رائے دہی کیلئے پولیس نے اپنی حکمت عملی تیار کی ہے جس میں پولنگ اسٹیشن کے اندرون 100 میٹر عوام کے جمع ہونے پر امتناع رہے گا اور حساس پولنگ اسٹیشن پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ نظر رکھی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کو پرامن بنانے کیلئے سوشیل میڈیا پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے اور اس کے ذریعہ عوام کو غلط اور بے بنیاد خبروں کے ذریعہ خوفزدہ کرنے پر سخت کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ رائے دہی کے دن اپنا دستوری حق ادا کریں۔