برسر اقتدار کانگریس کے علاوہ بی جے پی ، بی آر ایس اور مجلس کی ترقیاتی سرگرمیاں تیز
حیدرآباد۔12۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ ملکا جگری میونسپل کارپوریشن اور سائبر آباد میونسپل کارپوریشن کے علاوہ ریاست میں موجود شہری بلدیا ت کے انتخابات کی تیاریوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے!دونوں شہرو ںحیدرآباد وسکندرآباد کے حدود میں موجود تینوں بلدیات مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد‘ ملکاجگری میونسپل کارپوریشن اور سائبر آباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کے انعقاد کے لئے سیاسی جماعتوں کی سرگرمیاں تیز ہوچکی ہیں اور کہا جارہاہے کہ آئندہ ماہ کسی بھی وقت ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے شہری بلدیات کے انتخابات کے انعقاد کے سلسلہ میں تیاریوں کو مکمل کرنے کا اعلان کرسکتا ہے۔ ریاست میں برسراقتدار کانگریس کے علاوہ بھارتیہ جنتا پارٹی ‘ بی آر ایس اور مجلس اتحادالمسلمین نے بھی اپنے علاقوں میں ترقیاتی کاموں کی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے علاوہ نئے ترقیاتی کامو ںکے آغاز کا سلسلہ شروع کردیا ہے ۔ بتایا جاتاہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے پریڈ گراؤنڈ میں منعقدہ وزیر اعظم کے جلسہ عام کے ذریعہ شہری بلدیات کے انتخابات کے لئے اپنی ’انتخابی مہم ‘ کا باضابطہ آغاز کردیا ہے جبکہ مجلس اتحادالمسلمین کی جانب سے حلقہ پارلیمان حیدرآباد کے مختلف بلدی حلقوں کے علاوہ حلقہ اسمبلی نامپلی میں ترقیاتی کاموں کے افتتاح اور سنگ بنیاد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ برسراقتدار کانگریس ایک ماہ طویل ’پرجا پالنہ ‘ پروگرام کے ذریعہ عوام کے درمیان پہنچتے ہوئے ان کے مسائل کو حل کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اسی طرح شہر حیدرآباد میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو حیدرآباد میں مستحکم کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے تحت ہندوتوا تنظیموں کی جانب سے غیر رسمی اجلاس منعقد کرتے ہوئے اکثریتی رائے دہندوں کو متحد کرنے کی مہم چلائی جا رہی ہے ۔ مجلس اتحادالمسلمین نے شہر حیدرآباد کی تینوں بلدیات مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد‘ ملکاجگری میونسپل کارپوریشن کے علاوہ سائبر آباد میونسپل کارپوریشن کے بلدی حلقہ جات سے انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند وں کے لئے درخواستوں کی اجرائی و وصولی کا عمل بھی شروع کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مجلس کے بلدی ٹکٹ کے خواہشمند 13 مئی تا 20 مئی کے دوران دن میں 11 بجے دن تا شام 5بجے کے درمیان درخواست حاصل کرنے کے علاوہ جمع کرواسکتے ہیں۔ پارٹی کے صدر دفتر دارالسلام سے درخواست حاصل کی جاسکتی ہیں اور جمع کروائی جاسکتی ہیں۔ بی آر ایس نے بھی تینوں بلدیات کے انتخابات میں حصہ لینے کی تیاریاں شروع کردی ہیں اور اس سلسلہ میں پارٹی کے سرکردہ قائدین کے اجلاس جاری ہیں جو کہ اپنے کارکنوں اور کیڈر کو متحرک کرنے میں مصروف ہونے لگے ہیں۔3