جی ایچ ایم سی سے پرانے شہر میں سرکاری اراضیات کی نشاندہی

   

پنجہ شاہ میں سرکاری اراضی پر قبضہ کے بعد بلدیہ چوکس، عدالت سے رجوع ہونے کی تیاری

حیدرآباد۔10اپریل (سیاست نیوز) شہر میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں جی ایچ ایم سی کی ناکامی کے آشکار ہونے کے بعد اب کہا جار ہاہے کہ بلدی حدود میں موجود جائیدادوں کی نشاندہی کے سلسلہ میں اقدامات تیز کئے جا رہے ہیں جبکہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی کئی جائیدادوں پر بااثر افراد نے قبضہ کرتے ہوئے انہیں فروخت بھی کردیا ہے اور سرکاری اراضیات پراجازت نامہ حاصل کرتے ہوئے تعمیرات انجام دی جاچکی ہیں۔ گذشتہ ماہ پرانے شہر کے علاقہ پنجہ شاہ میں سرکاری اراضیات پر جاری قبضہ کی کوشش کے انکشاف کے بعد بلدی حکام اور محکمہ مال کی جانب سے پرانے شہر میں موجود سرکاری اراضیات کی نشاندہی اور ان کے تحفظ کے اقدامات شروع کرنے کی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے اور غیر سرکاری تنظیمو ںکی جانب سے فیصلہ کیاگیا ہے کہ پرانے شہر بالخصوص ساؤتھ زون میں موجود تمام اراضیات کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے ان کے تحفظ اور ان کے استعمال کے سلسلہ میں تفصیلات حاصل کی جائیں گی اور جن جائیدادوں پر قبضہ کی کوشش کی گئی ہے یا قبضہ کیا جا رہاہے ان کے خلاف عدالت سے رجوع ہونے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ پنجہ شاہ میں موجود سرکاری اراضی پر ڈرینیج لائن کی تنصیب کے اقدامات اور سیاسی سرپرستی کے حامل افراد کی جانب سے اس قیمتی سرکاری اراضی کو فروخت کرنے کی کوشش کے منظر عام پر آنے کے بعد کئی سرمایہ کارو ں اور عہدیداروں کے نام کے ساتھ ساتھ سیاسی قائدین کے نام سامنے آرہے ہیں جومجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی ملکیت والی اس اراضی کو غیر قانونی طریقہ سے فروخت کرنے کی کوشش کر رہے تھے اور اب بھی اس اراضی کے علاوہ کئی اراضیات بالخصوص نالوں اور تالابوں پر قبضہ جات کے ذریعہ ان کے دستاویزات کی تیاری اور فروخت کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ ریاستی محکمہ بلدی نظم و نسق کے اعلیٰ عہدیداروں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں اراضیات کے قبضہ کی کوششوں کو ناکام بنانے کے علاوہ ان اراضیات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ترقیاتی کاموں کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔م