چندرائن گٹہ چوراہا پر بھکاریوں کی بڑی تعداد حالت نشہ میں
حیدرآباد۔4مئی (سیاست نیوز)شہر میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور پولیس کی جانب سے گداگروں کی بازآبادکاری کے سلسلہ میں مہم شروع کئے جانے کے باوجود شہر کے مختلف چوراہوں پر گداگروں کی موجودگی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور پولیس کی مہم کے اثرات کو ظاہرکرتی ہے حالانکہ مہم کے دوران گداگری سے روکنے اور ان کی بازآبادکاری کے سلسلہ میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے بڑے پیمانے پر کاروائیاں کی جاتی ہیں اس کے باوجود شہر کے مختلف مقامات پر جہاں گداگربھیک مانگتے ہیں ان کی تعداد میں کمی نہیں آتی بلکہ بلدی عہدیداروں کے علاوہ پولیس عہدیداروں کی جانب سے کونسلنگ کے بعد دوبارہ وہی گداگر سگنل یا دیگر مقامات پر بھیک مانگتے ہوئے نظر آنے لگتے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے گذشتہ ہفتہ کے دوران چلائی گئی گداگروں کے خلاف مہم کے دوران جی ایچ ایم سی نے 107 گداگروں کو حراست میں لیتے ہوئے انہیں بازآبادکاری کے مراکز کو منتقل کرنے کے اقدامات کئے اور انہیں مختلف غیر سرکاری تنظیموں کے تعاون سے بے گھر افراد کے لئے تعمیر کئے گئے خصوصی اداروں میں منتقل کیاگیا لیکن ا س کے باوجود بھی شہر کے اہم چوراہوں کے علاوہ درگاہوں‘ مسجدوں‘ مندروں کے علاوہ دیگر عبادت گاہوں کے قریب گداگروں کی تعداد میں اضافہ ہی ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔محکمہ پولیس اور دیگر متعلقہ محکمہ جات اس بات سے واقف ہیں کہ دونوں شہروں حیدرآبا دوسکندرآباد میں مساجد ‘ درگاہوں‘ مندروں کے علاوہ دیگرعبادت گاہوں کے ساتھ شہر کے سگنل اور چوراہوں پر بھیک مانگنے کے لئے معذور ومجبور افراد کا استعمال کرنے والا مافیا ہے جو معمولی حصہ گداگروں کو ادا کرتے ہوئے ان سے بھیک کے ذریعہ وصول ہونے والی مکمل رقومات وصول کرلیتا ہے۔پرانے شہر کے علاقہ چندرائن گٹہ چوراہے پر غیر مقامی گداگروں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور یہ گداگر محض گداگری میں مصروف نہیں ہیں بلکہ نشہ آور ادویات کا استعمال اور نشہ کی حالت میں سگنل پر موجود راہگیروں کو بھیک دینے کے لئے مجبور کرنا بالخصوص خواتین کے ساتھ موجود موٹر سیکل رانوں کو ہراساں کرنا ان کا معمول بنا ہوا ہے۔چندرائن گٹہ چوراہے کے علاوہ شاہ علی بنڈہ چوراہے پر بھی گداگری سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے متعلقہ عہدیداروں کو ان چوراہوں سے گداگری کے خاتمہ کے سلسلہ میں مؤثراقدامات کو یقینی بنانا چاہئے ۔3/m/b