جی ایچ ایم سی قرض کے جال میں ، کارپوریشن کی مدد کے لیے حکومت پر اکبر اویسی کا زور

   

حیدرآباد ۔ 15 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ریاستی اسمبلی میں مجلس کے فلور لیڈر اکبر الدین اویسی نے ریاستی حکومت پر زور دیا کہ بلدیات بالخصوص جی ایچ ایم سی کو بچانے کے لیے پہل کی جائے جو ہزاروں کروڑ کے مقروض ہوگئے ہیں ۔ کل اسمبلی میں علی الحساب بجٹ پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے اکبر اویسی نے کہا کہ بلدیات کو مستحکم کرنے سے متعلق ریاستی حکومت کے عہد کی بجٹ میں عکاسی نہیں ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی میں کنٹراکٹرس کے کم از کم ایک ہزار کروڑ روپئے بلز زیر التواء ہیں جن کی وجہ نئے پراجکٹس شروع کرنے میں ان کی حوصلہ شکنی ہورہی ہے ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کو جو محکمہ بلدی نظم و نسق کا قلمدان اپنے پاس رکھتے ہیں یہ بتاتے ہوئے کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن 68 کروڑ روپئے صرف سود ادا کرنے پر مجبور ہے کیوں کہ اس نے مختلف بینکس سے 6374 کروڑ روپئے کے قرض حاصل کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو کارپوریشن کی مدد کے لیے ترجیح دینا چاہئے تھا ۔ حکومت کے عہد کی بجٹ میں عکاسی نہیں ہوئی ہے ۔۔