جی ایچ ایم سی کی مزید خدمات می سیوا سے مربوط: سریدھر بابو

   

واٹس ایپ خدمات کیلئے فون نمبر، سرکاری دفاتر کے چکر کاٹنے کی زحمت سے نجات
حیدرآباد 19 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے عوامی خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لئے عصری ٹیکنالوجی سے استفادہ کی مہم تیز کردی ہے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی بعض خدمات کو می سیوا واٹس ایپ سے مربوط کیا گیا ہے۔ وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو کی کامیاب مساعی کے نتیجہ میں می سیوا کے ذریعہ عوامی خدمات کو بہتر بنانے میں مدد ملی ہے۔ شفافیت کے ساتھ مختلف محکمہ جات کی خدمات کو می سیوا سے مربوط کیا گیا ہے۔ گزشتہ سال نومبر میں عوام کی سہولت کے لئے واٹس ایپ / چیاٹ بیاٹ می سیوا خدمات کو متعارف کیا گیا۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی بعض اضافی خدمات کو بھی می سیوا واٹس ایپ سے مربوط کردیا گیا ہے۔ ریاست بھر میں عوام کسی بھی مقام سے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جن خدمات کو می سیوا سے مربوط کیا گیا اُن میں پراپرٹی اسسمنٹ ریویژن، برتھ کرکشن، ڈیتھ کرکشن، برتھ ایٹ ہوم، ڈیتھ ایٹ ہوم، ڈور نمبر کرکشن، پراپرٹی نیم کرکشن، پراپرٹی ٹیکس خدمات اور ٹریڈ لائسنس کی تجدید شامل ہیں۔ عوام واٹس ایپ می سیوا خدمات کے لئے فون نمبر 8096958096 کو اپنے موبائیل میں محفوظ کرسکتے ہیں۔ نمبر کے سیو ہونے کے بعد واٹس ایپ کے ذریعہ می سیوا خدمات کے آغاز کے لئے ایک مسیج بھیجنا ہوگا۔ می سیوا کے ذریعہ عوام کے لئے دستیاب خدمات میں برتھ سرٹیفکٹ کی اجرائی، انکم سرٹیفکٹ، پولیس چالان، الیکٹرسٹی بل اور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے نتائج شامل ہیں۔ حکومت نے عوام کو سرکاری دفاتر کے چکر کاٹنے سے بچانے کے لئے می سیوا خدمات میں توسیع کی ہے۔V/1/k/b