جی ایچ ایم سی کے انتخابات میں بی جے پی کامیاب ہوگی

   

کانگریس، بی آر ایس اور مجلس میں خفیہ اتحاد۔ بی جے پی کے ایم پی ایٹالہ راجندر کا دعویٰ

حیدرآباد ۔ 23 نومبر (سیاست نیوز) بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ایٹالہ راجندر نے مہاراشٹرا میں بی جے پی اتحاد کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ جی ایچ ایم سی کے انتخابات میں بی جے پی شاندار کامیابی درج کرے گی۔ ساتھ ہی حلقہ لوک سبھا ملکاجگری کے حدود میں شامل تمام بلدی ڈیویژنس میں بی جے پی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ ملکاجگری کے پدماوتی فنکشن ہال میں منعقدہ بی جے پی کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ کسی بھی پارٹی کو انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے تنظیمی سطح پر مضبوط و طاقتور ہونا پڑتا ہے۔ تلنگانہ کے اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے شاندار مظاہرہ کیا ہے۔ آئندہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کامیابی کا نشانہ مختص کرتے ہوئے انتخابی میدان میں اترے گی۔ اس سے قبل منعقد ہونے والے جی ایچ ایم سی کے انتخابات کو سیمی فائنل کے طور پر قبول کرے گی۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ تلنگانہ کی کانگریس حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔2
موسیٰ پراجکٹ کے نام پر چیف منسٹر اے ریونت ریڈی عوام کو ان کے اپنے گھروں سے بیدخل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ کانگریس۔ بی آر ایس اور مجلس کے درمیان اتحاد ہے۔ عوام کو گمراہ کرنے کیلئے کانگریس اور بی آر ایس ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بنارہی ہیں مگر حقیقت میں تینوں جماعتوں کے درمیان خفیہ اتحاد ہے۔ جی ایچ ایم سی کے انتخابات میں بی جے پی ان تینوں جماعتوں کے خفیہ اتحاد کو عوام کے سامنے آشکار کرے گی۔2