جی ایچ ایم سی کے مالی موقف کو مستحکم بنانے کی تجویز روانہ

   

کمشنر بلدیہ رونالڈ روس کا حکومت تلنگانہ کو مکتوب
حیدرآباد۔23فروری(سیاست نیوز) کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر رونالڈ روس نے حکومت تلنگانہ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے جائیداد ٹیکس کی وصولی کے سلسلہ میں اقدامات کو تیز کرنے کے لئے یکمشت ادائیگی کی صورت میں 90 فیصدجرمانہ میں رعایت کی تجویز پیش کی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ کمشنر جی ایچ ایم سی نے سال 2020 میں جاری کئے گئے حکومت تلنگانہ کے احکامات جی اوآر ٹی نمبر 306 کا حوالہ دیتے ہوئے حکومت کو روانہ کئے گئے مکتوب میں یہ تجویز پیش کی ہے جس میں کہاگیا ہے کہ جائیداد ٹیکس کی عدم ادائیگی کی صورت میں عائد کئے گئے جرمانہ پر 90 فیصد رعایت کے ساتھ 10 فیصد جرمانہ کی وصولی کے اقدامات سے بلدیہ کو کافی فائدہ حاصل ہوگا۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت کو روانہ کی گئی اس تجویز کو منظوری حاصل ہوجائے گی کیونکہ مجلس بلدیہ کی معاشی حالت انتہائی ابتر ہے اور جی ایچ ایم سی کے مالی موقف کو مستحکم بنانے کے لئے حکومت کی جانب سے تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کے بعد کمشنر رونالڈ روس نے یہ تجویز حکومت کو روانہ کی ہے۔ذرائع کے مطابق مجلس بلدیہ کے حدود میں 4لاکھ 95ہزار628 عمارتوں اور مکانات سے بلدیہ کو مجموعی طور پر 1887.59 کروڑ روپئے وصول طلب ہیں جب کہ ان کی عدم ادائیگی کے سبب عائد کئے جانے والے جرمانوں کے سبب یہ رقم 4522.18 کروڑ تک پہنچ چکی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ مسٹر رونالڈ روس کمشنر مجلس بلدیہ نے حکومت کور وانہ کئے گئے مکتوب میں اس بات کی خواہش کی کہ جاریہ مالی سال کے آخری ایام میں جائیداد ٹیکس کی وصولی کے لئے خصوصی مہم چلائی جاتی ہے اسی لئے حکومت کی جانب سے اگر فوری طور پر یہ تجویز منظور کی جاتی ہے تو اس کا زبردست فائدہ حاصل ہونے کی توقع ہے۔3