جے شنکر کو قریشی کا مکتوب، پاکستان علاقائی امن کا پابند : شاہ محمود قریشی

,

   

اسلام آباد، 7جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیر خارجہ محمود قریشی نے ہندوستان کے نومنتخب وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر کو وزارت خارجہ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک علاقے میں قیام امن کی کوششوں کے لئے مصروف عمل ہے ۔ دی ایکسپریس ٹربیون نے سفارتی ذرائع کے حوالے سے جمعہ کو خبر دی ہے کہ مسٹر محمود قریشی نے مسٹر جے شنکر کو ایک مکتوب لکھ کر انہیں ہندوستان کا نیا وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے ۔ مسٹر جے شنکر کو لکھے گئے مکتوب میں مسٹر قریشی نے کہا ہے کہ ہندوستان کے ساتھ پاکستان تمام اہم معاملات پر بات چیت چاہتا ہے اور علاقے میں قیام امن کی سمت میں اٹھائے جانے والے تمام اقدامات کے لئے مصروف عمل ہے ۔ واضح ر ہے کہ نریندر مودی کی قیادت میں 30 مئی کو قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) حکومت نے ہندوستان میں دوسری مرتبہ اقتدار سنبھالا ہے اور پہلے سفارتکار اور ملک کے خارجہ سکریٹری رہنے والے مسٹر جے شنکر کو وزیر خارجہ بنایا ہے ۔ مسٹر جے شنکر مودی حکومت کے پانچ سال کے پہلے دور کے دوران بھی حکومت کی سفارت کاری کے معاملات میں اہم مشیر رہے تھے ۔ انہیں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی سینئر لیڈر سشما سوراج کی جگہ وزارت خارجہ کی کمان سونپی گئی ہے ۔