حادثاتی موت کے شکار کانگریس کارکنوں کے افراد خاندان کو 2 لاکھ انشورنس کی رقم

   

گاندھی بھون میں چیکس کی تقسیم، تاحال 129 کیسس میں رقم کی منظوری
حیدرآباد۔/14 ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے راجیو گاندھی حادثاتی انشورنس کے تحت حالیہ عرصہ میں حادثات میں فوت ہونے والے کانگریس کارکنوں کے افراد خاندان کو انشورنس کی رقم کے چیکس تقسیم کئے۔ اس سلسلہ میں آج گاندھی بھون میں تقریب منعقد ہوئی جس میں اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور ایم پی، اے آئی سی سی سکریٹریز بوس راجو، ندیم جاوید، روہت چودھری، سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا، محمد علی شبیر، ڈاکٹر جے گیتا ریڈی، مدھو یاشکی گوڑ، انجن کمار یادو، دامودھر راج نرسمہا اور دوسروں نے شرکت کی۔ ریاست بھر میں کانگریس پارٹی نے رکنیت سازی کے ساتھ ہر کارکن کیلئے حادثاتی موت کی صورت میں 2 لاکھ روپئے انشورنس کی ضمانت دی تھی۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ ریاست بھر میں 90 دن میں ریکارڈ 45 لاکھ رکنیت سازی کی گئی۔ 45 لاکھ ارکان کو راجیو گاندھی ایکسیڈنٹ انشورنس کے تحت 2 لاکھ روپئے دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ ابھی تک 427 کارکنوں کی موت ہوئی ہے ان تمام کے افراد خاندان کو فی کس دو لاکھ روپئے انشورنس کی رقم کے چیک تقسیم کئے جارہے ہیں۔ گاندھی بھون میں 129 کارکنوں کے افراد خاندان کو چیک حوالے کئے گئے جن کا تعلق حیدرآباد اور مختلف اضلاع سے ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ گاندھی بھون میں 9 کارکنوں کے افراد خاندان کو طلب کیا گیا تھا باقی افراد کو چیک ان کے گھر پر پہنچادیئے جائیں گے۔ انشورنس کمپنی نے تاحال 129 کیسس کو منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حادثاتی موت کی صورت میں افراد خاندان کو معاشی دشواریوں سے بچانے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسی دوران سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے کاماریڈی ضلع میں حادثات کے شکار کانگریس کارکنوں کے افراد خاندان کو چیک حوالے کئے۔ محمد علی شبیر نے کاماریڈی ضلع میں ڈیجیٹل ممبر شپ کے دوران تمام کارکنوں کا انشورنس پریمیم اپنے ذاتی خرچ سے ادا کیا تھا۔ بی بی پیٹ منڈل، سداشیو نگر منڈل اور جکل منڈل کے تین کارکنوں کے افراد خاندان نے چیک حاصل کیا۔ر