روم: یونیسیف کا کہنا ہے کہ نئے سال کے موقع پر سِسلی کے جزیرہ لامپا ڈوسا میں پیش آئے حادثہ میں زندہ بچ جانے والے 7افراد میں ایک آٹھ سالہ بچی بھی شامل ہے، جس کی ماں لاپتہ افراد میں شامل ہے۔ یونیسیف کے مطابق گزشتہ ماہ لامپا ڈوسا کے قریب سمندر میں تیرتی ایک گیارہ سالہ لڑکی کو بچایا گیا تھا، جس کے بارے میں خیال ہے کہ وہ تیونس کے شہر صفاقس سے روانہ ہونے والی تارکین وطن کی کشتی میں زندہ بچ جانے والی واحد بچی تھی۔ اس کشتی میں تقریبا 45 افراد سوار تھے۔انٹرنیشنل آرگنائزیشن آف مائیگریشن کے اعدادوشمار کے مطابق 2024 میں مختلف حادثات کا شکار ہو کر کم ازکم 2275 تارکین وطن لاپتا ہوئے۔ یوں 2014 سے اب تک ان لاپتہ افراد کی مجموعی تعداد 31180 ہو گئی ہے۔بحیرہ روم میں تارکین وطن کی ایک کشتی کو پیش آنے والے ایک حالیہ حادثے کے بعد اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسیف نے زور دیا ہیکہ تارکین وطن بچوں کو ترجیحی بنیادوں پر تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے۔