حج انتظامات پر سعودی وزیر حج کی بریفینگ

   

ریاض : سعودی عرب کے وزیر برائے اُمور حج اور عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک ضیوف الرحمان کی بہبود کیلئے تمام انسانی صلاحیتوں اور وسائل کو بروئے کار لاتا رہیگا۔انہوں نے کہا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولیعہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایات کی روشنی میں وزارت حج حجاج کرام کو تمام ضروری سہولیات فراہم کریگی۔ تمام شعبوں میں عازمین حج کو بہترین سہولیات اور سروس فراہم کی گئی ہیں۔ عازمین کی صحت کا خاص خیال رکھا گیا ہے، تنظیمی، سروس، لاجسٹک اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گیے ہیں۔سعودی وزیر حج نے جدہ میں حج کے حوالے سے منعقدہ ایک پروگرام میں اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے مندوبین کو حج کی تیاریوں پر بریفنگ دی۔انھوں نے کہا کہ اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے بڑے منصوبوں میں 200 ارب ریال (53 بلین ڈالر) سے زیادہ کی لاگت سے مکہ مکرمہ کی تاریخ کی سب سے بڑی عمارت کی توسیع اور حرمین ٹرین کا قیام شامل ہیں۔ حرمین ایکسپریس ٹرین کی تیاری پر ساٹھ ارب ریال لاگت آئی۔60 ارب ریال کی تخمینہ لاگت سے حجاج کے سفر اور نقل و حمل کے تجربے کو بہتر بنانے کیلئے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان فاصلے کو تقریباً دو گھنٹے تک کم کرنے کے علاوہ جدہ کے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے کی توسیع پر 64 ارب ریال خرچ کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ تاریخی مساجد اور اسلامی آثار قدیمہ کے مقامات کی ترقی اور مشاعر مقدسہ میں ایمان پرور اور روحانی ماحول پیدا کرنے کیلئے اقدامات کیے گئے ہیں۔