حج سیزن میں غلاف کعبہ اونچاکیوں کیا جاتا ہے؟

,

   

ریاض : حج سیزن کی روایت کو پیش نظر رکھتے ہوئے خانہ کعبہ کے غلاف کو 3 میٹر اونچا کردیا گیا ہے۔سعودی میڈیا کے مطابق احتیاطی تدابیر کو پیش نظر رکھتے ہوئے جمعہ کے روز غلاف کعبہ کو 3 میٹر اونچا کردیا گیا ہے اور خانہ کعبہ کے نچلے حصے کو 2 میٹر سفید کپڑے سے چاروں اطراف سے ڈھانپ دیا گیا ہے۔غلاف کعبہ کو ہر سال اونچا کرنے کی وجہ یہ ہے کہ احتیاطی تدابیر کے پیش نظر خانہ کعبہ کے غلاف کو ہر سال رمضان اور حج سیزن میں اونچا کردیا جاتا ہے۔اس حوالے سے انڈیپینڈنٹ اردو کی ایک رپورٹ کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خانہ کعبہ میں آنے والے حاجی غلاف کعبہ کو ہاتھ لگانے اور اسے چومنے کے خواہشمند ہوتے ہیں جس کی وجہ سے غلاف کعبہ میلاہوجاتا ہے یا پھر کئی لوگ غلاف کعبہ کو ساتھ لے جانے کیلئے بلیڈ یا چھری سے کاٹ لیتے ہیں لہٰذا انتظامیہ کی جانب سے ہر سال خانہ کعبہ کے غلاف کو اونچا کردیا جاتا ہے۔ غلاف کعبہ کو اونچا کرنے کی تقریب میں امام کعبہ شیخ عبدالسدیس اپنی ٹیم کے ہمراہ شریک ہوئے۔ہر سال 9 ذی الحج کو غلاف کعبہ تبدیل کیا جاتا تھا لیکن 2022 میں ماہ محرم کے پہلے روز غلاف کعبہ کو تبدیل کردیا گیا۔خانہ کعبہ کاغلاف 670 کلو گرام اصلی اور سیاہ ریشم کے ساتھ تیار کیا جاتا ہے، غلاف کعبہ کی تیاری کیلئے 120 کلو گرام سونا اور 100 کلو گرام چاندی کے ورق استعمال کیے جاتے ہیں جبکہ غلاف کعبہ کی پٹی 6 حصوں پر مشتمل ہوتی ہے ۔