حج ہاوز میں نورانی منظر ، تلبیہہ کی گونج میں حج ہاوز سے بسوں کی روانگی
حیدرآباد۔/19 جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے عازمین حج کا پہلا قافلہ کل 20جون کی اولین ساعتوں میں سعودی ایر لائنس کی خصوصی پرواز کے ذریعہ شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ سے جدہ روانہ ہوگا۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے صدرنشین محمد سلیم کی نگرانی میں حج کیمپ اور ایر پورٹ پر انتظامات مکمل کرلئے گئے۔ پہلی فلائیٹ کے 373 عازمین کی رپورٹنگ حج ہاوز میں مکمل ہوگئی اور آج رات دیر گئے حج ہاوز سے عازمین حج کو خصوصی بسوں کے ذریعہ ایر پورٹ روانہ کیا گیا۔ تلبیہہ اور دعاؤں کی گونج میں وزیر داخلہ محمد محمود علی، صدر نشین حج کمیٹی محمد سلیم اور دوسروں نے حج ہاوز سے خصوصی بسوں کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ عازمین کی روانگی کے موقع پر حج کیمپ میں نورانی اور اس کے باہر جذباتی مناظر دیکھے گئے۔ رشتہ داروں اور دوست احباب کی کثیر تعداد وداع کرنے کیلئے موجود تھی۔ پہلا قافلہ پیر کی صبح 5:55 بجے پرواز کرے گا۔ پہلے قافلہ میں حیدرآباد کے 214 ، میدک 16 ، نلگنڈہ 44 ، سنگاریڈی 2 ، سدی پیٹ 16 ، گدوال 2 ، بھونگیر 12 اور میڑچل کے 71 عازمین شامل ہیں۔ حج کیمپ میں تمام ضروری اُمور کی تکمیل کرلی گئی اور عازمین کو بورڈنگ کارڈ حوالے کیا گیا۔72 گھنٹے قبل عازمین کا آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کیا گیا اور تمام کی رپورٹ نگیٹو آئی ہے۔ عازمین کی خدمت کیلئے حج کمیٹی نے والینٹرس کی خدمات حاصل کی ہیں۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں نے حج کیمپ کے انتظامات کی نگرانی کی۔ ایگزیکیٹو آفیسر بی شفیع اللہ نے اپنی ٹیم کے ساتھ کیمپ کے بہتر انتظامات کو یقینی بنایا۔ صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم وقتاً فوقتاً کیمپ کا دورہ کرتے ہوئے عازمین حج سے ملاقات کررہے ہیں۔ عازمین حج کا دوسرا قافلہ 20 جون کی رات 9:35 بجے شمس آباد ایر پورٹ سے پرواز کرے گا۔ دوسرے قافلہ کے عازمین کو حج ہاوز سے شام میں خصوصی بسوں کے ذریعہ وداع کیا جائے گا۔ تلنگانہ کے علاوہ آندھرا پردیش کے تمام عازمین حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہورہے ہیں۔ر