حج کمیٹی کے زیر اہتمام عازمین حج کا پہلا تربیتی اجتماع

   

محمد محمود علی وزیر داخلہ مہمان خصوصی و محمد سلیم صدر نشین حج کمیٹی صدارت کریں گے
حیدرآباد۔/14 مئی، ( پریس نوٹ ) تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام منتخب عازمین حج کا پہلا تربیتی اجتماع چہارشنبہ 18 مئی کو 10:30 بجے صبح تا 5:00 بجے ہائی ٹیک گارڈن فنکشن ہال قریب نیو گول ناکہ برج، موسیٰ رام باغ روڈ ، نیو واحد نگر کالونی اولڈ ملک پیٹ ، بازو اے ون فنکشن ہال مقرر ہے۔ جناب محمد محمود علی وزیر داخلہ مہمان خصوصی ہوں گے۔ صدر نشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم صدارت کریں گے۔ ایگزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی جناب بی شفیع اللہ (آئی ایف ایس ) و دیگر سینئر عہدیدار شرکت کریں گے۔ مذہبی اسکالرس سفر حج کے دوران مناسک حج و زیارت مدینہ منورہ سے متعلق اہم نکات پر بیان کریں گے۔ حافظ نعیم کی قرأت کلام پاک سے تربیتی اجتماع کا آغاز ہوگا۔ مولانا محمد انصار انور حسامی ( شاکر ) نعت شریف کا نذرانہ پیش کریں گے۔ مفکر اسلام مولانا مفتی خلیل احمد نائب شیخ الجامعہ ، جامعہ نظامیہ فضائل حج و عمرہ سے متعلق بیان کریں گے۔ مولانا سید عباد ذکی قاسمی مناسبک حج و عمرہ و حافظ عبدالرشید طلحہ نعمانی آداب زیارت مدینہ منورہ سے متعلق بیان کریں گے۔ حج کمیٹی کے مطابق ایسے عازمین حج جو ابھی تک کوویڈ 19 کے دو ویکسین نہیں لئے ہیں ان کا حج ویزا منسوخ ہوسکتا ہے۔ عازمین حج کا پہلا قافلہ جون کے وسط میں شروع ہوگا۔ عازمین حج سے خواہش کی جاتی ہے کہ وہ اپنے ساتھ چھوٹے بچوں کو ہرگز نہ لائیں۔ وہ نوٹ بک اور پن ضرور ساتھ لائیں تاکہ اہم نکات کو نوٹ کرسکیں۔ خواتین عازمین حج کیلئے پردہ کا علحدہ نظم رکھا گیا ہے۔ مزید تفصیلات کیلئے فون نمبر040-23298793 پر ربط پیدا کریں۔