18 مئی کو پہلا تربیتی کیمپ، صدر نشین حج کمیٹی الحاج محمد سلیم کا بیان
حیدرآباد۔/15 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی نے حج 2022 کی تیاریوں کے سلسلہ میں ای ۔ ٹنڈرس طلب کئے ہیں۔ ایگزیکیٹو آفیسر بی شفیع اللہ نے تین علحدہ اُمور کے سلسلہ میں ٹنڈرس طلب کئے جن میں سپلائینگ کمپنی میٹریل، عازمین حج کو روزانہ 3 مرتبہ حلال غذا کی سربراہی اور ہاوز کیپنگ ریپرس اور مینٹننس شامل ہیں۔ 16 تا 23 مئی ای ۔ ٹنڈرس ویب سائیٹ http://tender.telangana.gov.in پر داخل کئے جاسکتے ہیں۔ اسی دوران عازمین حج کا پہلا تربیتی کیمپ 18 مئی کو ہائی ٹیک گارڈن فنکشن ہال اولڈ ملک پیٹ میں منعقد ہوگا۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی الحاج محمد سلیم نے عازمین حج سے تربیتی کیمپ میں شرکت کی اپیل کی ہے۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ ایگزیکیٹو آفیسر بی شفیع اللہ اور دیگر عہدیدار شرکت کریں گے۔ تربیتی کیمپ میں مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ فضائل حج و عمرہ بیان کریں گے جبکہ مولانا سید ذکی قاسمی مناسک حج و عمرہ پر خطاب کریں گے۔ حافظ عبدالرشید طلحہ نعمانی زیارات مقامات مقدسہ اور ان کے آداب بیان کریں گے۔ عازمین حج سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنے ساتھ بچوں کو نہ لائیں۔ ضروری معلومات نوٹ کرنے کیلئے پن اور نوٹ بک ساتھ رکھیں۔ الحاج محمد سلیم نے بتایا کہ ویٹنگ لسٹ کے 200 عازمین حج بھی تربیتی کیمپ میں شرکت کرسکتے ہیں۔ حج کمیٹی نے کیمپ کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ حج کیمپ اور ایر پورٹ پر موثر انتظامات کئے جائیں گے۔ عازمین حج کو کورونا ویکسین کی دونوں خوراک لینا لازمی رہے گا۔ ویزا انڈارسمنٹ اور سفری دستاویزات کی تیاری کیلئے اسے لازمی قرار دیا گیا۔ر