حج کیمپ 2022 ء میں بہتر انتظامات کے ذریعہ 62 لاکھ روپئے کی بچت

   

صدرنشین محمد سلیم کی کامیاب مساعی ، 2019 ء میں 1.21 کروڑ اور جاریہ سال 58 لاکھ کے اخراجات
حیدرآباد ۔ 12 ۔ جولائی (سیاست نیوز) حج کیمپ 2022 ء کے مؤثر انتظامات کے ذریعہ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم نے گزشتہ برسوں کے اخراجات کے مقابلہ انتہائی کم خرچ پر بہتر انتظامات کا ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ 2019 ء میں آخری حج کیمپ منعقد کیا گیا تھا جس کے بعد کورونا وباء کے پیش نظر دو سال حج کی اجازت نہیں تھی۔ 2019 ء میں حج کیمپ کے اخراجات کا تقابل کریں تو 2022 ء میں 6271580 روپئے کی بچت ہوئی ہے۔ 2019 ء میں حیدرآباد امبارگیش پوائنٹس سے جملہ 8316 حجاج کرام روانہ ہوئے تھے جن میں تلنگانہ ، آندھراپردیش ، کرناٹک ، مہاراشٹرا اور ٹاملناڈو کے حجاج شامل تھے جبکہ جاریہ سال تلنگانہ اور آندھراپردیش کے 3081 حجاج کی روانگی عمل میں آئی۔ حج کمیٹی نے حج کیمپ اور ایرپورٹ پر انتظامات میں کوئی کمی نہیں کی لیکن صدرنشین حج کمیٹی نے اپنے دیرینہ تجربہ کا استعمال کرتے ہوئے مختلف سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں کم شرح پر ٹنڈرس کو منظوری دی ۔ 2019 حج کیمپ پر جملہ خرچ ایک کروڑ 21 لاکھ 34 ہزار 380 روپئے ہوا تھا جبکہ حالیہ حج کیمپ میں تمام بہتر سہولتوں کے باوجود جملہ خرچ 5862800 روپئے رہا۔ اس طرح گزشتہ کیمپ کے مقابلہ اس مرتبہ 6271580 روپئے کی حج کمیٹی کو بچت ہوئی ہے۔ 2019 ء میں سپلائینگ کمپنی کا کرایہ 4 لاکھ روپئے تھا جبکہ جاریہ سال سپلائینگ کمپنی کو 354000 ادا کئے گئے ۔ عازمین حج کو غذا کی فراہمی پر 2019 ء میں فی عازم 290 روپئے کے حساب سے 3760430 روپئے ادا کئے گئے تھے جبکہ جاریہ سال فی عازم 400 روپئے کے حساب سے 3500000 روپئے ادا کئے گئے۔ مینٹننس اور ہاؤز کیپنگ کیلئے 2019 ء میں 4 لاکھ 55 ہزار کا خرچ آیا جبکہ جاریہ سال 7 لاکھ روپئے خرچ کرتے ہوئے صحت و صفائی کے انتظامات کئے گئے ۔ حج کیمپ میں تین ایل ای ڈی اسکرین پر 8 لاکھ کا خرچ آیا تھا لیکن جاریہ سال سپلائینگ کمپنی کے ٹنڈر میں ایل ای ڈی اسکرین شامل تھے، لہذا اس کے لئے علحدہ رقم ادا کرنے کی ضرورت نہیں پڑی۔ حج ہاؤز سے عازمین کو ایرپورٹ منتقل کرنے کیلئے آر ٹی سی بسوں اور ڈی جی ٹی ویانس کا کرایہ 67 لاکھ 18 ہزار 950 روپئے ادا کیا گیا جبکہ جاریہ سال خانگی ٹراویل کی بسیں حاصل کرتے ہوئے 8 لاکھ 30 ہزار روپئے ادا کئے گئے۔ آر ٹی سی کی ڈی جی ٹی ویانس کے لئے 4 لاکھ 78 ہزار 800 روپئے ادا کئے گئے۔ آر ٹی سی بسوں کے مقابلہ خانگی ٹراویل کی بسوں کو حاصل کرنے سے کافی بچت ہوئی ہے۔ گزشتہ کیمپ کے مقابلہ مجموعی طور پر 62 لاکھ روپئے سے زائد کی رقم کی بچت پر محکمہ اقلیتی بہبود کے اعلیٰ عہدیداروں نے مسرت کا اظہار کیا۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ صدرنشین حج کمیٹی جناب محمد سلیم نے اپنے تجارتی تجربہ کو استعمال کرتے ہوئے کم خرچ میں عازمین کیلئے بہتر سہولتیں فراہم کی ہیں۔ ر