ارکان کے سیٹنگ الاونس میں اضافہ ، تلنگانہ حج کمیٹی کا پہلا اجلاس، صدر نشین الحاج محمد سلیم کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/17 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی نے حج 2022 کیمپ کی تیاریوں کا آغاز کرتے ہوئے گزشتہ برسوں کی طرح تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حج کمیٹی کی تشکیل کے بعد آج پہلا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت صدرنشین الحاج محمد سلیم نے کی۔ اجلاس میں صدرنشین وقف بورڈ محمد مسیح اللہ خاں، رکن اسمبلی جعفر حسین معراج، ارکان حج کمیٹی شیخ مقبول، محترمہ عاصمہ سلطانہ، شیخ حمید، سید نظام الدین، سید عرفان الحق، میر نادر علی رضوی، نصیر الدین، جعفر خاں، سید غلام احمد حسین کے علاوہ ایگزیکیٹو آفیسر بی شفیع اللہ نے شرکت کی۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے عازمین حج کی روانگی کا 17 جون سے آغاز ہوگا اور اس مرتبہ تلنگانہ کے علاوہ آندھرا پردیش کے تمام عازمین حیدرآباد سے روانہ ہوں گے۔ مہاراشٹرا اور کرناٹک کے بعض علاقوں کے عازمین کی روانگی حیدرآباد سے ہوگی۔ حج ہاوز میں 15 جون کو حج کیمپ کا آغاز ہوگا۔ اجلاس میں حج انتظامات کے سلسلہ میں ای ۔ ٹنڈرس طلب کرنے کے فیصلہ کی تائید کی گئی۔ 23 مئی کو ای ۔ ٹنڈرس کی کشادگی عمل میں آئے گی۔ حج کمیٹی نے حکومت سے سالانہ 4 کروڑ روپئے بجٹ کرنے کی سفارش کی ہے جبکہ موجودہ بجٹ صرف 2 کروڑ ہے۔ اجلاس کا احساس تھا کہ 4 کروڑ کی منظوری سے حج کمیٹی مزید بہتر انتظامات اور سہولتیں فراہم کرسکتی ہے۔ عازمین کی سہولت کیلئے اردو زبان میں ایک ہزار حج گائیڈ شائع کئے جائیں گے۔ اجلاس میں حج کمیٹی کیلئے 2 نئی گاڑیوں کی خریدی کو منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ ارکان کیلئے سیٹنگ فیس 5 ہزار روپئے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ خادم الحجاج کو بہتر خدمت کیلئے پابند کرنے ان سے حلفنامہ حاصل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ متعلقہ محکمہ جات سے این او سی داخل کرنا ہوگا۔ حج کمیٹی کے ارکان میں ضلع سے تعلق رکھنے والوں کو جملہ 3800 روپئے کے علاوہ ریلوے یا بس کے کرایہ کی گنجائش تھی جبکہ شہر کے ارکان کو جملہ 3500 روپئے بطور الاؤنس ادا کرنے کی گنجائش تھی۔ اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدرنشین حج کمیٹی الحاج محمد سلیم نے کہا کہ ویٹنگ لسٹ میں موجود عازمین سے پاسپورٹ، میڈیکل سرٹیفکیٹ اور دیگر تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔ حج کمیٹی کی جانب سے ویٹنگ لسٹ کی منظوری کے مطابق روانگی عمل میں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے عازمین حج کی بہتر سے بہتر خدمت کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں حج کمیٹی اور وقف بورڈ باہم اشتراک سے کام کریں گے۔ حج سیزن کے دوران کنٹرول روم قائم کیا جائے گا تاکہ عازمین حج کی روانگی، سعودی عرب میں قیام اور واپسی تک ان کی رہنمائی کی جاسکے۔ خادم الحجاج کو پابند کیا گیا کہ وہ عازمین کی بہتر خدمت کریں اور کسی بھی شکایت کے وصول ہونے پر ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔ محمد سلیم نے بتایا کہ عازمین حج کا پہلا تربیتی کیمپ 18 مئی کو ہائی ٹیک گارڈن فنکشن ہال اولڈ ملک پیٹ میں منعقد ہوگا۔ صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ مسیح اللہ خاں نے کہا کہ وقف بورڈ اور حج کمیٹی باہم اشتراک سے عازمین حج کی بہتر خدمات انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حج ہاوز میں وقف بورڈ کی جانب سے تمام تر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ر