پہلا تربیتی کیمپ ، مفتی خلیل احمد اور الحاج محمد سلیم کا خطاب، مناسک حج کی عملی تربیت
حیدرآباد۔18۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے عازمین حج کے لئے آج پہلا تربیتی کیمپ منعقد ہوا۔ صدرنشین حج کمیٹی الحاج محمد سلیم اور مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ حج کی ادائیگی کے دوران خشوع و خصوغ کا مظاہرہ کریں اور اخلاص کے ذریعہ مناسک حج کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔ مکہ مکرمہ میں ایک نماز کا ثواب ایک لاکھ نمازوں کے برابر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حج ایک عبادت ہے ، اسے تجارت یا تفریح کا سامان نہ بنائیں اور نہ شہرت کیلئے حج کریں۔ حج میں اگر اخلاص نہ ہوں تو ادائیگی پوری نہیں ہوتی۔ مولانا مفتی خلیل احمد نے کہا کہ حج کی قبولیت کی صورت میں حاجی کے تمام گناہ معاف کردیئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج کی سعادت صرف اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے ہونی چاہئے ۔ مولانا مفتی خلیل احمد نے مناسک حج اور فضائل حج پر خطاب کیا اور عازمین حج سے کہا کہ وہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں آداب کو ملحوظ رکھیں۔ صدرنشین حج کمیٹی جناب محمد سلیم نے عازمین حج کیلئے انتظامات کی تفصیلات بیان کیں اور کہا کہ اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے جذبہ کے تحت انہوں نے حج کمیٹی کی صدارت قبول کی ہے ۔ سابق میں وہ نائب صدرنشین حج کمیٹی کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ عازمین حج کی خدمت اور کمیٹی کی صدارت میرے لئے اعزاز ہے ۔ انہوں نے خادم الحجاج سے کہا کہ وہ عازمین کی بہتر طور پر خدمت کریں۔ محمد سلیم نے بتایا کہ حج کمیٹی دفتر میں کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جو تین شفٹوں میں کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ حج کیمپ اور ایرپورٹ پر عازمین حج کیلئے تمام تر سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ اگزیکیٹیو آفیسر بی شفیع اللہ نے کہا کہ عازمین حج قابل مبارکباد ہے جنہیں اس سعادت کیلئے منتخب کیا گیا ہے ۔ 2019 ء میں کووڈ کے حالات کے بعد اللہ تعالیٰ نے 2022 ء میں حج کی سعادت فراہم کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام منتخب عازمین کے لئے کووڈ کی دونوں ویکسین حاصل کرنا ضروری ہے۔ رکن اسمبلی احمد بلعلہ نے بھی مخاطب کیا ۔ اس موقع پر عازمین حج کو مناسک حج کی عملی تربیت دی گئی۔ اسسٹنٹ اگزیکیٹیو آفیسر عرفان شریف نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں تلبیہ اور مدینہ منورہ میں درود شریف کا ورد جاری رکھیں۔ عازمین حج کو حج کیمپ میں دی جانے والی سہولتوں اور سفر کے قواعد سے آگاہ کیا گیا ۔ پہلا تربیتی کیمپ ہائی ٹیک گارڈن ملک پیٹ میں منعقد ہوا۔ حیدرآباد کے دیگر علاقوں اور اضلاع میں بھی کیمپس منعقد ہوں گے۔ کیمپ کے دوسرے سیشن میں مولانا ذکی قاسمی اور حافظ عبدالرشید نعمانی نے آداب زیارت مدینہ منورہ پر بیان کیا۔ احرام باندھنے کی عملی تربیت دی گئی۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش کے عازمین حج کی پروازوں کا 17 جون سے آغاز ہوگا جبکہ 15 جون سے حج ہاؤز میں کیمپ شروع ہوگا۔ر