حج کی تیاریاں، غلافِ کعبہ اونچا کردیا گیا

,

   

ریاض : جمعہ کی شام کو حج انتظامات کے سلسلے میں غلافِ کعبہ کے زیریں حصہ کو تقریباً 3 میٹر اونچا کر دیا گیا اور بالائی حصہ کو چار اطراف سے تقریباً 2 میٹر چوڑے سفید سوتی کپڑے سے ڈھانپ دیا گیا ہے۔ غلافِ کعبہ کو اونچا کرنے کی روایت صدیوں پرانی ہے اور اس کے بالائی حصہ پر سفید کپڑا چڑھانا حج اور مناسک حج کے ایام کی علامت ہے۔ غلافِ کعبہ کے حوالے سے یہ تبدیلی ہر سال حج سے قبل کی جاتی ہے اور یہ معمول کی بات ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق غلافِ کعبہ کو اوپر اٹھانے کا عمل شاہ عبدالعزیز کمپلیکس برائے کسوہ کعبہ کے ماہرین کے ایک گروپ کے ذریعہ انجام دیا جاتا ہے۔ دوسری جانب عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اس سال حج سیزن میں مسجد نبوی صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے امور کی ایجنسی نے مسجد نبویؐ میں آنے والے زائرین کو بھرپور خدمات فراہم کرنے کی تیاری کی ہے۔ ایجنسی کے مطابق مسجد نبویؐ کے زائرین کی بھرپور خدمت کے لیے تمام متعلقہ حکام کے درمیان رابطہ قائم ہے اور سب ادارے مربوط کوششوں سے آنے والے افراد کو سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔