وقف بورڈ ‘ حج کمیٹی ‘ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن اور اردو اکیڈیمی میں بدعنوانیوں کی شکایت پر اقدام
حیدرآباد۔25۔اکٹوبر(سیاست نیوز) حج ہاؤز میں موجود محکمہ اقلیتی بہبود کے سرکاری دفاتر پر محکمہ انسداد رشوت ستانی کے عہدیداروں نے اپنی نگاہیں مرکوز کی ہوئی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق حج ہاؤز میں سرکاری دفاتر وقف بورڈ ‘ حج کمیٹی ‘ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن و اردو اکیڈیمی اور ڈی ایم ڈبلیو حیدرآباد کے دفاتر میں دھاندلیوں و بدعنوانیوں کی شکایات کا جائزہ لینے کے بعد محکمہ انسداد رشوت ستانی نے ان دفاتر کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق حج ہاؤز میں وقف بورڈ کے شعبۂ قضات میں بدعنوانیوں و بے قاعدگیوں کے علاوہ رشوت کی طلبی و ہراسانی کی متعدد شکایات موصول ہونے کے بعد شعبہ قضات پر نظر رکھ کر سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا جا رہاہے اسی طرح اردو اکیڈیمی کی سرگرمیوں اور اب تک موصول شکایات کا جائزہ لے کر عہدیداروں کی کارکردگی اور بدعنوانیوں پر نظر رکھی جانے لگی ہے۔ذرائع کے مطابق اقلیتی اسٹڈی سرکل میں تقررات کا بھی محکمہ انسداد رشوت ستانی کے عہدیدار جائزہ لے رہے ہیں کیونکہ اسٹڈی سرکل میں بھی دھاندلیوں اور اقرباء پروری کی شکایات ملنے لگی ہیں۔ ڈی ایم ڈبلیو آفیسر حیدرآباد کے دفتر میں برسرکار عملہ کی جانب سے بھی استفادہ کنندگان کو ہراساں کرنے اور رشوت طلب کئے جانے کے معاملات کی شکایت کے بعد محکمہ اقلیتی بہبود کے اس ضلعی دفتر پر بھی گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔ اینٹی کرپشن بیورو ذرائع کے مطابق اقلیتی مالیاتی کارپوریشن میں برسرکار آؤٹ سورسنگ عملہ کی دھاندلیوں کے علاوہ مختلف اسکیمات کے تحت بلوں کی اجرائی میں کمیشن کی شکایات کا بھی جائزہ لیا جا رہاہے کیونکہ محکمہ انسداد رشوت ستانی کے علاوہ لوک آیوکت اور ویجلنس کمشنر کو بھی مختلف گوشوں سے شکایات مل رہی ہیں ۔ حج کمیٹی معاملات پر بھی ویجلنس کمیشن کے عہدیداروں نے نظر رکھی ہوئی ہے تاکہ کسی بھی طرح کی بے قاعدگی و بدعنوانیوں کی توثیق پر کارروائی کو یقینی بنایا جاسکے۔ ذرائع کے مطابق پرنسپل سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود جناب احمد ندیم نے محکمہ اقلیتی بہبود کے اداروںمیں برسر خدمت اداروں کے زیر دوراں مقدمات کی تفصیلات طلب کی ہیں اور کہا جارہا ہے کہ جن عہدیداروں کے خلاف بدعنوانیوں و بے قاعدگیوں کے الزامات ہیں ان کی تحقیقات کیلئے وہ خود متعلقہ محکمہ جات کی خدمات حاصل کرنے کی منصوبہ کر رہے ہیں۔3