شمع کی مانند ہم اس بزم میں
چشم نم آئے تھے دامن تر چلے
مرکزی حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ میں حلقہ جات کی از سر نو حد بندی کا بل پیش کرنے کی تیاری پوری کرلی گئی ہے ۔ نہ صرف بل کی پیشکشی کی بلکہ اس کو منظوری دلانے کی کوششیں بھی تقریبا پوری کرلی گئی ہیں۔ جس مقصد کیلئے پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کو ختم کرنے کے احکام جاری کرنے سے گریز کیا گیا تھا اس مقصد کو حاصل کرنے کیلئے بی جے پی نے پس پردہ پوری بساط بچھالی ہے اور ان جماعتوں کو اپنے ساتھ ملا لیا ہے جو حال ہی میں اقتدارسے بیدخل ہوئی ہیں یا پھر طویل وقت سے اقتدار پر فائز ہونے کیلئے بے چین دکھائی دے رہی تھیں۔ یہ جماعتیں وہی ہیں جنہوں نے پہلے اس بل کی شدت سے مخالفت کی تھی اور اس کے خلاف پارلیمنٹ میں ووٹ بھی دیا تھا ۔ ان کے ووٹوں کی وجہ سے ہی اس بل کو پارلیمنٹ میں پہلے شکست ہوچکی تھی جب مرکزی حکومت نے مغربی بنگال کے اسمبلی انتخابات سے قبل اسے ایوان میں پیش کیا تھا ۔ اب بھی اس بل کو اترپردیش اور دیگر ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل پیش کیا گیا ہے اور حیرت کی بات یہ ہے کہ وہ جماعتیں بھی اس بل کی تائید کا اعلان کر رہی ہیں جنہوں نے اس کو بی جے پی کا سیاسی ہتھکنڈہ قرار دیا تھا یا پھر اس علاقہ کیلئے مضر قرار دیا تھا جس سے ان جماعتوں کا تعلق تھا ۔ این سی پی شرد پوار گروپ نے بھی اس بل کی تائید کا اعلان کردیا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ شرد پوار نے کانگریس قیادت کو اپنے فیصلے سے مطلع کرتے ہوئے یہ واضح کردیا ہے کہ ان کی پارٹی کو متحد رکھنے کیلئے انہیں اس بل کی تائید کیلئے مجبور ہونا پڑا ہے ۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ 12 برس سے جس حکومت کی شرد پوار کیمپ کی جانب سے مخالفت کی جا رہی تھی اسی حکومت میں شرد پوار کی دختر سپریا سولے کو وزارت پر فائز کیا جاسکتا ہے اور شرد پوار گروپ مہاراشٹرا حکومت میں بھی دو وزارتیں حاصل کرے گا ۔ اس کیلئے بات چیت پہلے ہی سے مکمل کرلی گئی ہے اور جو سودے بازیاں ہونی تھیں وہ کرلی گئی ہیں۔ اب صرف عذر پیش کئے جا رہے ہیں یا بہانے بازیاں ہو رہی ہیں۔
حلقہ جات کی از بندی کے بل کی تائید کا سب سے زیادہ حیرت انگیز فیصلہ ڈی ایم کے کا کہا جاسکتا ہے ۔ ڈی ایم کے جنوبی ہند سے تعلق رکھنے والی جماعت ہے اور مسلسل یہ کہا جا رہا تھا کہ اس بل کے نتیجہ میں قومی سطح پر جنوبی ہند کی جماعتوں کی اہمیت او ر وقعت مزید گھٹ جائے گی ۔ مرکزی سیاست اور پارلیمنٹ میں شمالی ہند کی جماعتوں کا ہی غلبہ ہوگا اور وہیں سے ملک کے تعلق سے سارے فیصلے ہونگے جو جنوبی ریاستوں کے مفادات کے مغائر بھی ہوسکتے ہیں۔ ڈی ایم کے کو ٹاملناڈو کے اسمبلی انتخابات میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔بی جے پی کو اقتدار سے باہر رکھنے کیلئے کانگریس پارٹی نے اداکار وجئے کی جماعت ٹی وی کے کے ساتھ اتحاد کیا اور اس کی تائید کرتے ہوئے ریاست میں حکومت سازی میں اہم رول ادا کیا ۔ اقتدار سے بیدخلی کے بعد سے ڈی ایم کے شدید الجھن کا شکار تھی اور اس کے سامنے کوئی واضح سیاسی راستہ نہیں رہ گیا تھا ۔ ڈی ایم کے کے ریاست میں جملہ 22 ارکان لوک سبھا ہیں جن کی تائید اس بل کی منظوری کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔ اب ڈی ایم کے نے تائید کا اعلان کردیا ہے تو مودی حکومت کے عزائم بلند ہوگئے ہیں ۔ ڈی ایم کے کا یہ عذر ہے کہ مرکزی حکومت نے اس کی جانب سے جن نکات کی مخالفت کی گئی تھی ان کو دور کردیا گیا ہے اور پارٹی اب اس بل کی تائید کرنے کیلئے تیار ہے ۔ مرکزی حکومت کوا س فیصلے سے واقف بھی کروادیا ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ ٹاملناڈو میں اپنے سیاسی اثر کو بنائے رکھنے کیلئے پارٹی نے موقف تبدیل کردیا ہے ۔
ڈی ایم کے ہو یا شرد پوار کی این سی پی ہو دونوں ہی جماعتوں نے اپنے اپنے موقف کو تبدیل کرتے ہوئے جو وجوہات بیان کی ہیں ان کا ملک کی سیاست یا قومی مسائل سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ یہ صرف اور صرف اپنے اپنے سیاسی مفادات کے مطابق کیا گیا فیصلہ ہے اور اپنے سیاسی وجود کو برقرار رکھنے کی کوشش ہی ہے ۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ جماعتیں مسئلہ کی سنگینی اور اہمیت کو سمجھے بغیر اس تعلق سے آگے آئی ہیں اور وہ قومی مفاد کو خاطر میں لائے بغیر صرف سیاسی اغراض اور عہدوں کیلئے ایسا کر رہی ہیں اور اس بات کا دونوںہی ریاستوں کے عوام کو بطور خاص نوٹ لینے کی ضرورت ہے ۔
مشرق وسطی کی صورتحال تشویشناک
مشرق وسطی میں صورتحال بہتر ہونے کی بجائے مسلسل بگڑتی جا رہی ہے ۔ایک طرف حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر حملے کئے جا رہے ہیں تو دوسری جانب کبھی ایران کی جانب سے کوئی کارروائی کی جا رہی ہے تو کبھی امریکہ کی جانب سے مخصوص مقامات پر حملے کئے جا رہے ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے غزہ اور مغربی کنارہ میں حملے جاری ہیں تو کہیں کچھ اور واقعات پیش آ رہے ہیں۔ ان سارے واقعات سے علاقہ کی صورتحال تشویشناک اور دھماکو بھی کہی جاسکتی ہے ۔ اس صورتحال کو فوری قابو میں کرنے اور کشیدگی اور تناؤ کو کم کرنے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ حالانکہ اس بات کے اندیشے نہیں ہیں کہ ایک مکمل جنگ دوبارہ شروع ہوجائے گی تاہم اس کے اندیشوں کو یکسر مسترد بھی نہیں کیا جاسکتا ۔ اس کے نتیجہ میں جو حالات پیدا ہو رہے ہیں وہ کسی بھی وقت مزید بگڑ سکتے ہیں۔ صورتحال قابو سے باہر ہونے سے قبل ہی ذمہ دار گوشوں کو حرکت میں آنے اور علاقہ کے حالات کو بہتر بنانے کیلئے آگے آنے کی ضرورت ہے ۔